روزگار کے محاذ پر نتیش حکومت نے پھر کیا بڑا اعلان، 7823 عہدوں پر تقرری کا فیصلہ، اراکین اسمبلی کو بھی ملی خوشخبری

بہار اسپیشل سروے و بندوبست پروگرام کے مقررہ ہدف کو حاصل کرنے کے مقصد سے ہی صرف 7595 عہدوں پر تقرری کی تجویز کو منظوری ملی۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

بہار کی نتیش حکومت روزگار کے محاذ پر لگاتار اہم اقدام کر ریاست میں بے روزگاری دوری کرنے کی کوشش کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ محکمہ صحت کے بعد اب ریاستی حکومت نے ریونیو و اراضی اصلاح محکمہ میں 7595 عہدوں پر تقرری کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈویژنل جیل ارول اور سَب-جیل پالی گنج میں 200 اور وقف ٹریبونل میں ڈرائیور کے ایک عہدہ پر بھی تقرری کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں کئی تجاویز کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ میں مجموعی طور پر 16 تجاویز کو منظوری ملنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں جن میں اراکین اسمبلی اور رکن قانون ساز کونسل کے لیے بھی خوشخبری موجود ہے۔ انھیں ہر ماہ 2000 یونٹ بجلی مفت دستیاب کرائے جانے کا راستہ ہموار کیا گیا ہے۔


موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ بہار اسپیشل سروے و بندوبست پروگرام کے مقررہ ہدف کو حاصل کرنے کے لیے 7595 عہدوں پر تقرری کی تجویز کو منظوری ملی۔ فیصلے کے مطابق اسپیشل سروے اسسٹنٹ بندوبست افسر کے 259 عہدہ، سروے قانون گو کے 518 عہدہ، امین کے 6300 عہدہ اور سروے ٹائپنگ کے 518 عہدوں کو پیدا کیا گیا ہے۔ یہ سبھی عہدے معاہدے کی بنیاد پر بھرے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی آرٹ کلچر ڈیپارٹمنٹ میں مختلف طرز کے 27 عہدے پیدا کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

محکمہ صحت کی تجویز پر کابینہ نے پارا ڈینٹل، نرسنگ و فارمیسی تعلیمی اداروں کے طلبا کے لیے 1500 روپے کی ماہانہ اسکالرشپ طے کی ہے۔ اب تک میڈیکل طلبا کو ہی اسکالرشپ ملتی تھی۔ پارلیمانی امور ڈپارٹمنٹ کی تجویز پر کابینہ نے بہار مقننہ کے اراکین کی تنخواہ، بھتہ و پنشن اصول 2006 کے رول 15 میں ترمیم بھی کی ہے۔ ترمیم کے بعد رکن اسمبلی، رکن قانون ساز کونسل کو ہر ماہ 2000 یونٹ بجلی مفت ملے گی۔ ایک سال میں رکن اسمبلی، رکن قانون ساز کونسل 30000 یونٹ بجلی جلا سکیں گے۔ کابینہ نے ریاست کے لیے تالاب ماہی پروری پالیسی 2022 کو بھی منظوری دی ہے۔ ماہی پروری پالیسی بننے کے بعد 26 ہزار ہیکٹیر میں پھیلے 37 تالابوں میں ماہی پروری ہو سکے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔