آندھرا پردیش: کورونا سے مرنے والوں کی آخری رسوم ادا کرنے کے لیے ملیں گے 15 ہزار روپے
وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی بھی کووڈ اسپتال کورونا مریضوں کا علاج کرنے سے منع کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
مہلک کورونا وائرس نے گزشتہ تقریباً چار مہینے سے ہندوستان میں زبردست تباہی مچا رکھی ہے۔ حالات اتنے خراب ہو گئے ہیں کہ اس وبا کی زد میں آ کر ہلاک ہونے والے لوگوں کی آخری رسومات ادا کرنے میں بھی لوگ جھجک رہے ہیں۔ کئی جگہ سے لاشوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں، اور کئی مواقع پر اپنے رشتہ داروں نے بھی لاش لینے سے انکار کر دیا۔ اس مشکل ماحول میں آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا کہ ریاست میں اب کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی آخری رسوم ادا کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے 15 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
منگل کے روز وزیر اعلیٰ نے آخری رسومات ادا کیے جانے سے متعلق مذکورہ اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی واضح لفظوں میں کہا کہ اگر کوئی بھی کووڈ اسپتال کورونا مریضوں کا علاج کرنے سے منع کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ فیصلہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کے ذریعہ ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب کورونا سے ہلاک ہونے والوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیے جانے کے معاملے میں اپوزیشن پارٹیاں اور معروف اشخاص کے ذریعہ ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ آندھرا پردیش میں کورونا انفیکشن کا پھیلاؤ تیزی سے ہو رہا ہے۔ تمام تدابیر کے باوجود ریاست میں انفیکشن کے تازہ اعداد و شمار خوف پیدا کرنے والے ہیں۔ وزارت صحت کے ذریعہ پیش کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں کورونا انفیکشن کی کل تعداد 31 ہزار 103 ہو گئی ہے جب کہ اس سے اب تک 365 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 15 Jul 2020, 11:11 AM