آندھرا پردیش: چندربابو نائیڈو وزیر اعلیٰ عہدہ کے امیدوار منتخب، حلف برداری کل، پی ایم مودی بھی ہوں گے شریک

وجئے واڑہ میں ٹی ڈی پی، جَن سینا اور بی جے پی اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں اتفاق رائے سے وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے چندربابو نائیڈو کے نام پر مہر لگائی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>چندرابابو نائیڈو / آئی اے این ایس</p></div>

چندرابابو نائیڈو / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے سربراہ چندربابو نائیڈو کو آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا امیدوار منتخب کر لیا گیا ہے۔ 11 جون کو اس سلسلے میں این ڈی اے اراکین اسمبلی کی میٹنگ ہوئی جس میں چندرابابو نائیڈو کے نام پر مہر لگ گئی۔ اب بدھ کے روز یعنی 12 جون کو وہ وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔ حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کی بھی شرکت ہوگی۔

وجئے واڑہ میں ٹی ڈی پی، جَن سینا اور بی جے پی اراکین اسمبلی کی آج میٹنگ ہوئی جس میں اتفاق رائے سے چندربابو نائیڈو کو وزیر اعلیٰ عہدہ کا امیدوار منتخب کیا گیا۔ آندھرا پردیش بی جے پی کی صدر ڈی پرندیشوری اور جَن سینا چیف پون کلیان بھی این ڈی اے کی میٹنگ میں شریک تھے۔ دونوں نے وزیر اعلیٰ امیدوار کی شکل میں چندربابو نائیڈو کو اپنی حمایت دی۔ اس سے قبل آج صبح چندربابو نائیڈو کو اتفاق رائے سے ٹی ڈی پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق حلف برداری تقریب کا انعقاد کرشنا ڈسٹرکٹ میں کیسراپلی آئی ٹی پارک میں ہوگا۔ بتایا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم مودی بدھ کے روز دہلی سے صبح 10.40 بجے گناورَم ایئرپورٹ پہنچیں گے۔ اس کے بعد وہ حلف برداری تقریب میں شامل ہوں گے۔

قابل ذکر ہے کہ آندھرا پردیش اسمبلی میں مجموعی طور پر 175 سیٹیں ہیں۔ اسمبلی انتخاب میں چندربابو نائیڈو کی پارٹی ٹی ڈی پی کو زبردست اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ ٹی ڈی پی نے 135 سیٹوں پر قبضہ کیا ہے، جبکہ بی جے پی کو 8 سیٹوں پر اور جَن سینا کو 21 سیٹوں پر جیت ملی ہے۔ برسراقتدار پارٹی وائی ایس آر سی پی کو محض 11 سیٹیں حاصل ہو سکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔