امفان: اڈیشہ اور بنگال میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، بحریہ راحت کاری کے لیے تیار

اڈیشہ کے کیندر پاڑا اور بالاسور ضلع کے چاندی پور میں تیز ہوا چلنے کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ دوسری طرف مغربی بنگال کے مشرقی میدنی پور واقع دیگھا میں تیز ہواؤں اور ہائی ٹائیڈ کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

امفان طوفان تیزی کے ساتھ اڈیشہ اور مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔ مغربی بنگال کے دیگھا اور اڈیشہ کے پارادیپ ساحل پر صبح سے ہی زبردست بارش ہو رہی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امفان کچھ گھنٹوں میں ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔


اڈیشہ کے کیندرپاڑا اور بالاسور ضلع کے چاندی پور میں تیز ہوا چلنے کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، جب کہ دوسری طرف مغربی بنگال کے مشرقی میدنی پور واقع دیگھا میں تیز ہوائیں تو چل ہی رہی ہیں، ہائی ٹائیڈ کا نظارہ بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امفان طوفان کی وجہ سے آج لینڈ فال بھی ہو سکتا ہے۔

مغربی بنگال کے ائیر پورٹر ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ امفان طوفان کے سبب کل صبح 5 بجے تک کولکاتا ائیر پورٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔ سارے آپریشن بند کیے گئے ہیں۔ اس میں کورونا کے سبب آنے والی اسپیشل فلائٹس بھی شامل ہیں۔


ہندوستانی بحریہ کا کہنا ہے کہ اڈیشہ اور مغربی بنگال کے لیے جیمنی بوٹ اور میڈیکل ٹیم کے ساتھ 20 بچاؤ ٹیموں کو تیار رکھا گیا ہے۔ بحریہ کے ائیرکرافٹ بحریہ اسٹیشنوں وشاکھاپٹنم میں آئی این ایس ڈیگا اور اراکونم میں آئی این ایس راجالی راحت و بچاؤ کام کے لیے تیار ہیں۔


اڈیشہ کے خصوصی راحتی کمشنر پی کے جینا نے بتایا کہ "ایک گھنٹے قبل پارادیپ میں 102 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلی تھی۔ آج شام کو مغربی بنگال میں سندربن کے پاس لینڈ فال کا امکان ہے۔ اگلے 6 سے 8 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔" افسران نے بتایا کہ طوفان کے سبب مغربی بنگال اور اڈیشہ میں جوکھم والے علاقوں سے لاکھوں لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ دونوں ریاست ہائی الرٹ پر ہیں کیونکہ طوفان کی وجہ سے تیز رفتار ہوائیں چل رہی ہیں اور اڈیشہ میں کئی علاقوں میں بارش بھی شروع ہو چکی ہے۔


محکمہ موسمیات نے طوفان کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے کئی ریاستوں کے لیے ہائی الرٹ اور آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ اڈیشہ اور آسام کے لیے ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔ مغربی بنگال، تمل ناڈو، آندھرا پردیش، پڈوچیری، تریپورہ، مزورم، منی پور اور جموں و کشمیر کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔