ہند-نیپال سرحد تنازعہ: بالی ووڈ اداکارہ منیشا کوئرالہ نے کی نیپالی نقشہ کی حمایت

منیشا کوئرالہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں پہلے تو حکومت نیپال کا شکریہ ادا کیا ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ ہندوستان، نیپال اور چین تینوں عظیم ممالک کے درمیان پرامن اور باوقار بات چیت کی امید کرتی ہوں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

گزشتہ کئی دنوں سے ہندوستان اور نیپال کے درمیان سرحد کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے۔ اب اس تنازعہ میں نیپال سے تعلق رکھنے والی بالی ووڈ اداکارہ منیشا کوئرالہ کی بھی انٹری ہو گئی ہے۔ منیشا نے نیپال کے ذریعہ کالا پانی اور لپولیکھ کو اپنے نقشے میں شامل کرنے کی حمایت کی ہے۔ منیشا کوئرالہ نے نیپال کے وزیر خارجہ پردیپ گیاولی کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے پہلے تو حکومت نیپال کا شکریہ ادا کیا ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ ہندوستان، نیپال اور چین تینوں عظیم ممالک کے درمیان پرامن اور باوقار بات چیت کی امید کرتی ہوں۔


قابل ذکر ہے کہ نیپال کے وزیر خارجہ پردیپ گیاولی نے جو ٹوئٹ کیا تھا اس میں لکھا گیا تھا کہ وزراء کونسل نے اپنے 7 علاقوں، 77 اضلاع، 753 مقامی ایڈمنسٹریشن ڈویژن کو دکھاتے ہوئے ملک کا ایک نیا نقشہ شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں لمپیادھورا، لپولیکھ اور کالا پانی بھی شامل ہیں۔ پردیپ نے یہ بھی کہا کہ آفیشیل نقشہ جلد ہی ملک کی اراضی مینجمنٹ وزارت شائع کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ہندوستان کی وزارت داخلہ نے ایک نیا نقشہ جاری کیا تھا جس میں کالا پانی علاقہ کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ ہندوستان کے اس قدم پر نیپال نے اعتراض ظاہر کیا تھا کیونکہ کالا پانی اور لپولیکھ پر نیپال اپنا دعویٰ کرتا رہا ہے۔ 8 مئی کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کیلاش مان سروور جانے کے لیے جو 80 کلو میٹر طویل سڑک کا افتتاح کیا تھا، یہ سڑک لپولیکھ درّے پر جا کر ختم ہوتی ہے، اس سلسلے میں بھی نیپال نے ناراضگی ظاہر کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔