امت شاہ کا تین روزہ جموں و کشمیر دورہ، سیکورٹی صورتحال کا لیں گے جائزہ

امت شاہ کے دورے سے قبل سری نگر سمیت پورے کشمیر میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس اور مرکزی مسلح افواج کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سری نگر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔

امت شاہ، تصویر یو این آئی
امت شاہ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: جموں و کشمیر میں بڑھتے دہشت گردی کے واقعات کے درمیان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج مرکز کے زیر کنٹرول علاقہ کے تین روزہ دورے پر سری نگر جا رہے ہیں۔ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت اور آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد وزیر داخلہ کا یہ پہلا دورہ کشمیر ہے۔ سری نگر پہنچنے کے بعد وہ دوپہر 12.30 بجے انٹیگریٹڈ کمانڈ میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کی حکمت عملی اور منصوبوں پر بھی بڑے پیمانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور سیکورٹی فورسز اور پولیس کے اعلیٰ افسران اور دیگر متعلقہ ایجنسیاں بھی شرکت کریں گی۔ اس کے بعد وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جموں و کشمیر یوتھ کلب کے نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ شام میں مرکزی وزیر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سری نگر اور شارجہ کے درمیان بین الاقوامی پرواز سروس کا آغاز کریں گے۔


امت شاہ کے دورے سے قبل سری نگر سمیت پورے کشمیر میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس اور مرکزی مسلح افواج کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سری نگر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے ٹو وہیلرز کو ضبط کرنا جاری رکھا ہے، حالانکہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کا وزیر داخلہ کے دورے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ گزشتہ دو دنوں میں پولیس نے مختلف تھانوں میں سینکڑوں ٹو وہیلرز گاڑیوں کو ضبط کیا ہے۔

ایک سیکورٹی افسر نے بتایا کہ امت شاہ کے دورے کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔ پولیس کے مشورے کے مطابق امت شاہ کے دورہ کے دوران گپکار روڈ اور باؤلیورڈ کا ایک حصہ بند رہے گا۔ امت شاہ وزیر اعظم کے پیکیج کے تحت مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے نفاذ میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے۔ وہ کشمیر میں پنچایتی راج کے نمائندوں اور کچھ مرکزی دھارے کے سیاست دانوں سے بھی بات چیت کریں گے۔


یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب کشمیر میں ٹارگٹ کلنگ کے کئی واقعات ہوئے ہیں۔ اکتوبر میں11 شہری، جن میں زیادہ تر مہاجر مزدور اور اقلیتی طبقہ کے لوگ تھے، ٹارگٹ حملوں میں مارے گئے۔ سیکورٹی فورسز نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں بھی تیز کر دی ہیں جس میں 18 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ اس ماہ فوج نے جموں و کشمیر میں اپنے 10 جوانوں کو بھی کھو دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔