امت شاہ کی ایک بڑی غلطی سے ناراض ہوئی قبائلی تنظیم، برسا منڈا کی بے عزتی کا الزام
مغربی بنگال میں برسا منڈا کی مورتی کے سامنے امت شاہ کو سلام پیش کرنا تھا، لیکن وہ دوسری مورتی کے پاس پہنچ گئے۔ اس غلطی پر ترنمول کانگریس نے انھیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’باہری‘ قرار دیا۔
مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات بے حد قریب ہیں۔ اس کو دیکھتے ہوئے بی جے پی کے بڑے بڑے لیڈران بنگال کا دورہ کر رہے ہیں۔ اسی درمیان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی مغربی بنگال کے دورہ پر پہنچے۔ یہاں انھوں نے قبائلی اکثریت والے علاقہ بانکورا میں مجاہد آزادی برسا منڈا کی مورتی کا دیدار کیا۔ لیکن یہاں وہ برسا منڈا کی مورتی کو پہچان نہیں پائے اور ان کی جگہ کسی اور قبائلی لیڈر کی مورتی پر پھول چڑھانے لگے۔ لیکن وہاں موجود بی جے پی کے دوسرے لیڈروں نے امت شاہ کو روکا اور پھر برسا منڈا کی تصویر منگوا کر اسے مورتی کے پیروں کے نیچے رکھ کر اس پر مالا چڑھائی گئی۔ اس پر تنازعہ بھی ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ’’میں لکھنؤ کی مسجد میں بیٹھ کر ہوَن کرنا چاہتی ہوں‘‘
دوسری طرف مغربی بنگال میں برسراقتدار ترنمول کانگریس نے بی جے پی اور امت شاہ پر اس واقعہ کے مدنظر طنز کسا ہے۔ ترنمول کانگریس نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بنگال کی ثقافت سے اتنے بے بہرہ ہیں کہ انھوں نے بھگوان برسا منڈا کو ایک غلط مورتی کی مالا پہنا کر بے عزت کیا اور ان کی تصویر کو کسی اور کے پیر میں رکھ دیا۔ کیا وہ کبھی بنگال کی عزت کریں گے؟‘‘
اس واقعہ سے قبائلی تنظیموں میں ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ قبائلی تنظیم ’بھارت جکات ماجھی پرگنا محل‘ نے غصہ کا اظہار بھی کیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’جن ستّا‘ پر شائع ایک خبر کے مطابق تنظیم کے لیڈروں نے کہا ہے کہ اس واقعہ سے قبائلی سماج خود کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہا ہے۔ ہم اس واقعہ سے مایوس ہیں۔ قبائلیوں نے اسے برسا منڈا کی بے عزتی قرار دیتے ہوئے مورتی کے آس پاس ’گنگا جل‘ چھڑک کر اس کو پاک کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔