امت شاہ پر لگا برسا منڈا کی توہین کا الزام، قبائلیوں نے بھیجے 5 ہزار خطوط، معافی مانگنے کا مطالبہ

دلیپ گھوش نے اس پورے معاملے کو ایک نیا رخ دے دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کا وزیر داخلہ کسی بھی مجسمے کو برسا منڈا کا مجسمہ سمجھ کر گلپوشی کردے تو وہ مجسمہ برسا منڈ ا کا ہی سمجھا جائے گا۔

امت شاہ، تصویر آئی اے این ایس
امت شاہ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کولکاتا: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعہ قبائلی لیڈر ’برسا منڈا‘ کے مجسمے کی جگہ کسی اور کی مورتی کو برسا منڈا کا مجسمہ قرار دے کر گل پوشی کیے جانے پر جاری تنازع کے دوران مقامی لوگوں نے 5ہزار سے زاید خطوط لکھ کر امت شاہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے اس پورے معاملے کو ایک نیا رخ دیدیا ہے کہ ملک کا وزیر داخلہ کسی بھی مجسمے کو برسا منڈا کا مجسمہ سمجھ کر گل پوشی کردے تو وہ مجسمہ برسا منڈ ا کا ہی سمجھا جائے گا۔

قبائلی لیڈر بر سا منڈا کے نام پر جاری سیاست کو ترنمول کانگریس ایک نیا رخ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ بانکوڑہ ضلع ترنمول کے صدر اور ریاستی وزیر شیامل سانترا نے اعلان کیا کہ ضلع کے قبائلی علاقوں کے لڑکے اور لڑکیاں منگل سے وزیر داخلہ کے گھر کے پتے پر خط بھیج رہے ہیں۔ دوسری جانب بی جے پی نے کہا کہ اس طرح کی مہم سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اور ترنمول کانگریس کی حکمت عملی کام نہیں کرے گی۔


واضح رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اسی مہینے 5 نومبر بانکورہ کے دورے پر گئے تھے۔ بانکوڑہ شہر سے متصل پیوباگن میں ایک مجسمے پرگل پوشی کی۔ بی جے پی نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی امت شاہ نے قبائلی لیڈر برسا منڈا کے مجسمے کی گل پوشی کی۔ تاہم بعد میں مقامی قبائلیوں نے کہا کہ یہ برسا منڈا کا مجسمہ نہیں ہے بلکہ مقامی ایک شکاری کی مجسمہ ہے۔ قبائلیوں نے الزام عاید کیا کہ بی جے پی اس معاملے میں زبردستی کر رہی ہے کسی اور کے مجسمے کو برسا منڈا کا مجسمہ ہونے کا دعویٰ کر رہی ہے۔

قبائلی لیڈر ایشور مرمو اور نیلمونی مرمو نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ نے ایک شکاری کے مجسمے کو ہمارے لیڈر جو ہمارے لیڈر دیوتا سے کم نہیں ہیں برسا منڈا کا مجسمہ بتاکر گل پوشی کی ہے۔ یہ ہمارے دیوتا کی توہین ہم اور ہم نے ان کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ معافی مانگیں۔ دوسری طرف، بی جے پی کے ضلع یوتھ کے صدر سنیل رودر منڈل نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں قبائلیوں نے ترنمول کانگریس کو نظر انداز کردیا تھا۔ اس لئے اب برسا منڈا کے نام پر سیاست کر رہی ہے اور یہ خطوط بازی ترنمول کانگریس کا دھوکہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔