مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے درمیان پولیس کمشنر نے سبھی تھانوں کو کیا الرٹ
مہاراشٹر میں گزشتہ دو دنوں سے جاری سیاسی گھمسان کے درمیان کسی بھی مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے مہاراشٹر پولیس کو الرٹ موڈ پر رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔
مہاراشٹر کی سیاست میں اتھل پتھل جاری ہے۔ ایک طرف ایکناتھ شندے باغی شیوسینا اراکین اسمبلی کو لے کر اس شرط پر اڑے ہوئے ہیں کہ ایم وی اے سے باہر نکل کر ادھو ٹھاکرے بی جے پی کے ساتھ حکومت تشکیل دیں، اور دوسری طرف ادھو ٹھاکرے لگاتار ایم وی اے پارٹیوں این سی پی اور کانگریس کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ ایم وی اے حکومت کو بچایا جا سکے۔ آج رات وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شرد پوار کے درمیان تقریباً دو گھنٹے کی میٹنگ ہوئی، اور میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 جون کو ایک بار پھر دونوں لیڈران ملاقات کریں گے۔
اس درمیان مہاراشٹر پولیس کمشنر نے سبھی پولیس اسٹیشنوں کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم صادر کر دیا ہے۔ مہاراشٹر پولیس چیف نے خاص طور پر ممبئی کے سبھی پولیس اسٹیشنوں کو الرٹ پر رہنے کے لیے کہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانوں کو الرٹ ملا ہے کہ شیوسینک بھاری تعداد میں سڑک پر اتر کر ہنگامہ کر سکتے ہیں۔ مہاراشٹر میں نظامِ قانون کی صورت نہ بگڑنے پائے اور امن و امان برقرار رہے، اس لیے پولیس کو الرٹ پر رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔ پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ حالات پر گہرائی کے ساتھ نظر بنائے رکھے۔
مہاراشٹر میں گزشتہ دو دنوں سے جاری سیاسی گھمسان کے درمیان کسی بھی مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے مہاراشٹر پولیس کو الرٹ موڈ پر رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔ ریاست میں کسی بھی حال میں نظامِ قانون قائم رکھنے کے لیے پولیس کو سخت ہدایت دی گئی ہے۔ لہٰذا پولیس نے اپنے طریقے سے انتظام کرنا شروع کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مہاراشٹر میں ابھی حالات پرامن نظر آ رہے ہیں، لیکن اندر سے جو جانکاریاں مل رہی ہیں اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ شیوسینا کے کچھ لیڈران کے ذریعہ یہ بیان دیے جانے کے بعد کہ کارکنان کے لیے سڑکوں پر اترنے کا متبادل بھی کھلا ہوا ہے، اس بات کا امکان بڑھ جاتا ہے کہ حالات مشکل ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس کسی بھی حالت میں رِسک نہیں لینا چاہتی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔