مہاراشٹر سیاسی بحران: شیوسینکوں نے ایکناتھ شندے کے پوسٹر پر پھینکے انڈے اور سیاہی

شیوسینا حامیوں نے ناسک میں باغی رکن اسمبلی ایکناتھ شندے کی تصویر والے پوسٹر پر سیاہی اور انڈے پھینکے، اس دوران شیوسینا حامیوں نے ایکناتھ شندے کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میں سیاسی بحران جاری ہے۔ موجودہ بحران سے نمٹنے کے لیے شیوسینا نے کہا ہے کہ وہ اس لڑائی کو سڑک پر اتارنے کے ساتھ قانونی طریقے سے بھی لڑے گی۔ اس کی جھلک بھی مہاراشٹر میں دکھائی دینے لگی ہے۔ ایک طرف جہاں شیوسینا نے 16 اراکین اسمبلی کو معطل کرنے کے لیے ڈپٹی اسپیکر کو خط لکھا ہے تو وہیں دوسری طرف شیوسینا حامی افراد باغی اراکین اسمبلی کے خلاف سڑک پر اپنا سخت رخ بھی دکھا رہے ہیں۔ شیوسینا حامیوں نے ناسک میں باغی رکن اسمبلی ایکناتھ شندے کی تصویر والے پوسٹر پر سیاہی اور انڈے پھینکے۔ اس دوران شیوسینا حامیوں نے ایکناتھ شندے کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

شیوسینا نے باغی اراکین اسمبلی کے خلاف چاروں طرف سے شکنجہ کسنا شروع کر دیا ہے۔ شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے اس درمیان این سی پی چیف شرد پوار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ ہم شکست ماننے والے نہیں ہیں۔ ہم جیتیں گے، ہم ایوان کے فلور پر جیتیں گے۔ اگر لڑائی سڑک پر ہوئی تو وہاں بھی جیتیں گے۔ ہمارا جسے سامنا کرنا ہے وہ ممبئی میں آ سکتے ہیں۔


اس سے قبل باغیوں سے بات چیت کے سوال پر سنجے راؤت نے صاف کہہ دیا کہ اب بات چیت کا وقت نکل گیا ہے۔ راؤت نے کہا کہ انھوں نے (اراکین اسمبلی نے) غلط قدم اٹھایا ہے۔ ہم نے ان کو واپس آنے اک موقع بھی دیا لیکن اب وقت نکل چکا ہے۔ سنجے راؤت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار جی لگاتار رابطے میں ہیں۔ این سی پی، کانگریس اور شیوسینا کے سبھی لیڈران ایک دوسرے کے رابطے میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔