چوری کا حیرت انگیز واقعہ، ساری سبزیاں موجود لیکن 12 بوری لیموں غائب!
لیموں چوری کرنے کے لیے چور باقاعدہ گاڑی لے کر آئے تھے اور دیگر تیاریاں بھی کی گئی تھیں، صبح دکاندار کے شور مچانے پر وہاں بھیڑ جمع ہو گئی۔
ہندوستان میں لیموں کی بڑھی ہوئی قیمت نے گرمی کے موسم میں لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ موجودہ وقت میں لیموں کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ اب چوروں کی بھی اس پر نظریں ٹکی ہوئی ہیں۔ کچھ ایسا ہی اتر پردیش کے غازی آباد واقع تھانہ مودی نگر علاقے کی سبزی منڈی میں نظر آیا جہاں چوروں نے 12 بوری لیموں غائب کر دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہاں رکھی باقی سبزیاں موجود تھیں، یعنی ہاتھ صرف لیموں پر صاف کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چوری کیے گئے لیموں کی قیمت تقریباً 70 ہزار روپے ہوگی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سبزی منڈی میں بھوجپور کے رہنے والے سبزی فروش راشد کے لیموں کو چوروں نے غائب کر دیا۔ منڈی میں سبزی کی دکان میں کئی طرح کی سبزیوں کے ساتھ لیموں بھی بوری میں رکھے ہوئے تھے۔ جب راشد اپنی دکان پر پہنچا تو اسے وہاں سے لیموں غائب ملے۔ اس کا کہنا ہے کہ منگل کی شب لیموں کی 12 بوریوں کو پلے داروں نے دکان کی شیڈ کے نیچے پیچھے کی طرف رکھ دیئے تھے جہاں سے ان لیموں کی بوریوں کو چوروں نے چرا لیا۔ منڈی کا سی سی ٹی وی جب چیک کیا گیا تو اس میں لیموں چوری کرتے ہوئے چور نظر آ گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ لیموں چوری کرنے کے لیے چور باقاعدہ گاڑی لے کر آئے تھے اور دیگر تیاریاں بھی کی گئی تھیں۔ صبح دکاندار کے شور مچانے پر وہاں بھیڑ جمع ہو گئی۔ خبر ملنے پر پولیس بھی وہاں پہنچ گئی اور سی سی ٹی وی کی مدد سے چوروں کو پکڑنے کی بات کہی ہے۔ یہ واقعہ جب پیش آیا تو منڈی میں گارڈ بھی تعینات تھے۔ سیکورٹی کے باوجود لیموں چوری ہونے کے واقعہ سے سبزی منڈی میں ہلچل مچ گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔