دہلی حکومت کے سبھی وزراء نے پی ایم مودی کو لکھا خط، آبی بحران پر مداخلت کا مطالبہ

کیجریوال کے سبھی وزراء نے اپنا دستخط کیا ہوا ایک خط وزیر اعظم کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وزیر اعظم آبی بحران معاملہ میں مداخلت کر اس مسئلہ کا حل نکالیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

دہلی حکومت کے سبھی وزراء نے پیر کے روز ایک میٹنگ کی۔ یہ میٹنگ آتشی کے ذریعہ کی جا رہی بھوک ہڑتال والے مقام پر کی گئی۔ سبھی کا مطالبہ ہے کہ دہلی کو اس کے حق کا پانی دیا جائے۔ سبھی وزراء نے اس سلسلہ میں ایک مشترکہ خط لکھا اور اپنے دستخط کیے ہوئے اس خط کو وزیر اعظم کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ وزیر اعظم اس معاملے میں مداخلت کر آبی بحران کا مسئلہ حل کریں۔

اس میٹنگ میں یہ قرارداد بھی لایا گیا کہ دہلی حکومت کے سبھی وزراء ایل جی (لیفٹیننٹ گورنر) کے ساتھ ایک مشترکہ دورہ وزیر آباد بیراج پر کریں گے تاکہ سبھی کے سامنے حالات واضح ہو جائے۔ عآپ لیڈر اور وزیر گوپال رائے نے اس تعلق سے کہا کہ ’’پیر کو یہ اہم میٹنگ ہوئی جس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ 30 سال پہلے دہلی کو جو پانی مل رہا تھا، وہی 30 سال بعد بھی مل رہا ہے، جبکہ آبادی تین گنا سے زیادہ ہو گئی ہے۔‘‘


گوپال رائے کے مطابق 30 سال قبل 1000 ایم جی ڈی پانی جو طے ہوا تھا، تقریباً وہی پانی اب بھی مل رہا ہے اور اب جب گرمیوں میں طلب بڑھ جاتی ہے تو اس میں بھی تخفیف کر دی جاتی ہے۔ 100 ایم جی ڈی روزانہ پانی کم ملنے کے سبب تقریباً 46 کروڑ لیٹر پانی دہلی والوں کو کم مل رہا ہے، جس سے تقریباً 28 لاکھ دہلی کی عوام پانی کے لیے ترس رہی ہے۔

گوپال رائے نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم بھی دہلی کے آبی بحران پر پوری طرح سے خاموش ہیں اور وہ کسی طرح کی کوئی مداخلت نہیں کر رہے ہیں۔ ہریانہ اور مرکز دونوں جگہ ڈبل انجن کی حکومت ہے اور پی ایم مودی اس مسئلہ کا حل نکال سکتے ہیں۔ گوپال رائے نے بتایا کہ اس سے قبل بھی عآپ حکومت کے وزیر مرکزی وزیر برائے آب اور ایل جی سمیت سبھی لوگوں سے ملاقات کر چکے ہیں۔ لیکن ابھی تک آبی بحران کا کوئی بھی حل نکلتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔


گوپال رائے نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں دو اہم ایجنڈے رکھے گئے جن پر تبادلہ خیال ہوا اور ان کے مطابق دہلی کے وزراء کا دستخط کیا ہوا ایک خط وزیر اعظم کے نام لکھا گیا ہے جو انھیں بھیجا جا رہا ہے، تاکہ وہ اس آبی بحران کو دور کرنے میں دہلی حکومت کی مدد کریں۔ گوپال رائے نے بتایا کہ دوسری تجویز یہ رکھی گئی تھی کہ دہلی کے ایل جی دہلی حکومت کے سبھی وزرا اور افسران کے ساتھ وزیر آباد پُل اور مُنک نہر کا دورہ ایک ساتھ کریں، اس سے حالات واضح ہو جائیں گے کہ ہریانہ حکومت جو کہہ رہی ہے وہ کر رہی ہے یا نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔