بجٹ اجلاس سے قبل کل جماعتی میٹنگ منعقد، ہنڈن برگ رپورٹ اور بی بی سی ڈاکیومنٹری سمیت اہم ایشوز پر بحث کا مطالبہ
پارلیمانٹ کے بجٹ اجلاس سے پہلے حکومت کے ذریعہ طلب کی گئی کل جماعتی میٹنگ میں کئی سیاسی پارٹیوں نے اڈانی گروپ کو لے کر ہنڈن برگ کی رپورٹ کا ایشو زور و شور سے اٹھایا۔
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس سے قبل حکومت کے ذریعہ طلب کی گئی کل جماعتی میٹنگ میں آر جے ڈی، ترنمول کانگریس، شیوسینا اور وائی ایس آر کانگریس سمیت کئی سیاسی پارٹیوں نے حصہ لیا۔ اس میٹنگ میں کئی سیاسی پارٹیوں نے اڈانی گروپ کو لے کر ہنڈن برگ کی رپورٹ کا ایشو زور و شور سے اٹھایا۔ عآپ، آر جے ڈی، ڈی ایم کے اور بایاں محاذ پارٹیوں نے اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ ذات پر مبنی مردم شماری، بی بی سی ڈاکیومنٹری اور خواتین کے ریزرویشن بل کا ایشو بھی اٹھایا گیا۔
کل جماعتی میٹنگ میں وائی ایس آر کانگریس کی طرف سے بولتے ہوئے وی وجئے سائی ریڈی نے ذات پر مبنی معاشی مردم شماری کے اعداد و شمار جاری کرنے اور آئندہ مردم شماری بھی اسی بنیاد پر کرانے کے مطالبہ کے ساتھ ہی پارلیمنٹ اجلاس کی کم میٹنگوں کا بھی معاملہ اٹھایا۔ ریڈی نے حکومت سے خواتین کے لیے ریزرویشن بل لانے کا بھی مطالبہ کیا۔ میٹنگ میں بی جے ڈی، ٹی آر ایس اور ترنمول کانگریس نے بھی خواتین ریزرویشن بل کی حمایت کی۔
بہرحال، حکومت کے ذریعہ جاری بلیٹن کے مطابق اس بار بجٹ اجلاس دو حصوں میں منقسم ہوگا۔ پہلا حصہ 31 جنوری سے شروع ہو کر 13 فروری تک چلے گا۔ دوسرا حصہ 13 مارچ کو شروع ہوگا جو 6 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس اجلاس میں کئی وزارتوں کے ذریعہ گرانٹس کے مطالبات پر بحث کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔