غازی پور جا کر اکھلیش یادو نے کی مختار انصاری کے اہل خانہ سے ملاقات
باندہ جیل میں بند مختار انصاری کا 28 مارچ کو انتقال ہو گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ان کی موت ہوئی تھی لیکن ان کے اہلِ خانہ نے جیل انتظامیہ پر انہیں زہر دینے کا الزام عائد کیا ہے
غازی پور: مختار انصاری کی موت کے بعد سے اہم لیڈران کا غازی پور آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو بھی اتوار (7 مارچ) کو غازی پور میں واقع مختار انصاری کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ مختار انصاری سماج وادی پارٹی کے ہی ممبر اسمبلی تھے جن کا گزشتہ 28 مارچ کو انتقال ہو گیا تھا۔ مختار انصاری کے بھائی افضال انصاری غازی پور سے لوک سبھا کے لیے سماج وادی پارٹی کے امیدوار ہیں۔
مختار انصاری کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد اکھلیش یادو نے کہا کہ جو تصویر پیش کی گئی ہے وہ حقیقی نہیں ہے۔ ان کے انتقال پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔ کیا ہم یہ نہیں دیکھ سکتے کہ ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا؟ ہم دیکھ سکتے ہیں کہ بی جے پی حکومت پر غیر ملکی سرزمین پر قتل کا الزام لگایا جا رہا ہے، اب ہم ان کی موت کا ذمہ دار حکومت کو ٹھہرا رہے ہیں، اس میں غلط کیا ہے؟
یہ بھی پڑھیں : ووٹر آئی ڈی کارڈ نہ ہو تو پھر بھی ڈالا جاسکتا ہے ووٹ!
غازی پور میں مختار انصاری کے گھروالوں سے ملنے جاتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں میں گھر والوں سے ملنے جا رہا ہوں۔ جو واقعہ پیش آیا وہ سب کے لیے چونکا دینے والا ہے۔ مختار نے خود کہا کہ انہیں زہر دیا جا رہا ہے اور وہی بات سامنے آئی۔ ہمیں امید ہے کہ حکومت سچ سامنے لائے گی۔ وہ کئی بار ایم ایل اے منتخب ہوئے۔ جو شخص اتنے سالوں جیل میں رہا اور اس کے بعد بھی عوام اسے جتا رہی ہے تو اس کا مطلب خاندان اور اس شخص نے عوام کا دکھ درد بانٹا ہے۔ آج وہ تمام چیزیں موجود ہیں کہ کس طرح خاندان نے لوگوں کے درمیان کام کیا اور ان کے دکھ درد بانٹے۔ جمہوریت میں عوام اس کے ساتھ نہیں کھڑے ہوتے ہیں جو عوام کے دکھ درد میں شریک نہیں ہوتا۔
سماج وادی پارٹی کے ترجمان فخر الحسن چاند نے کہا ہے کہ سماج وادی پارٹی غازی پور کے امیدوار افضال انصاری کے بھائی کی جس طرح سے موت ہوئی ہے اس کے بعد ایس پی صدر انصاری خاندان کو تسلی دینے گئے۔ ایس پی کے صدر ہر دکھ درد کے موقع پر ملک کے عوام کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ حال ہی میں ایس پی لیڈر دھرمیندر یادو نے بھی انصاری خاندان کے گھر پہنچ کر تعزیت کی تھی اور میڈیا سے کہا تھا کہ جلد ہی اکھلیش یادو بھی مختار انصاری کے اہل خانہ سے ملنے اور تعزیت کرنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ اتر پردیش کے بڑے لیڈروں میں شمار کیے جانے والے مختار انصاری کا 28 مارچ کو انتقال ہو گیا تھا۔ باندہ جیل میں ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد انہیں علاج کے لیے میڈیکل کالج لے جایا گیا۔ یہاں تقریباً ایک گھنٹے کے علاج کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ان کی موت کے بعد ان کے اہلِ خانہ نے جیل انتظامیہ پر انہیں زہر دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔