بارامتی میں اجیت پوار کا مقابلہ بھتیجے یوگیندر پوار سے

مہاراشٹر کی تمام پارٹیوں نے زیادہ ترامیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہےاور ایک بار پھر بارامتی سیٹ بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے کیونکہ یہاں مقابلہ چچا اور بھتیجے کے درمیان ہونے والا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس&nbsp;</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کی 288 اسمبلی سیٹوں پر 20 نومبر کو ووٹنگ ہونی ہے۔ تمام جماعتوں نے زیادہ تر  امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے اور سبھی پارٹیاں تیاریوں میں مشغول ہو گئی ہیں ۔ ایک بار پھر بارامتی سیٹ بحث کے مرکز میں ہے۔ کیونکہ یہاں مقابلہ چچا اور بھتیجے کے درمیان ہونے والا ہے۔ دراصل اجیت پوار نے اس سیٹ پر اپنے نام کا اعلان کیا تھا۔ شرد پوار نے اب اپنے پوتے یعنی اجیت پوار کے بھتیجے یوگیندر کو اس سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔

یوگیندر پوار شرد پوار کے پوتے اور اجیت پوار کے بھائی سری نواس پوار کے بیٹے ہیں۔ شرد پوار نے انہیں بارامتی سے اجیت  پوار کے خلاف میدان میں اتارا ہے۔ یوگیندر کے پاس بزنس ایڈمنسٹریشن میں نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی، بوسٹن،کی بیچلر کی ڈگری ہے۔ اس سے پہلے یوگیندر کو شرد پوار کی سیاسی ریلیوں میں دیکھا جا چکا ہے۔ یوگیندر شرد پوار کے قائم کردہ تعلیمی ادارے ودھیا پرتشٹھان کے خزانچی بھی ہیں۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات کے دوران سپریا سولے کی انتخابی مہم میں اہم کردار ادا کیا تھا۔


اجیت پوار 1993 سے بارامتی اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ بارامتی اسمبلی بارامتی لوک سبھا حلقہ کا حصہ ہے۔ اجیت پوار نے 2019 میں بارامتی اسمبلی سیٹ سے بی جے پی امیدوار کو 165000 ووٹوں کے ریکارڈ فرق سے شکست دی تھی۔ اب انہیں اپنے ہی بھتیجے یوگیندر کی جانب سے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم، 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں، اجیت پوار کی بیوی سنیترا پوار بارامتی اسمبلی حلقہ میں 48,000 ووٹوں سے پیچھے رہ گئی تھیں۔

مہاراشٹر کی 288 اسمبلی سیٹوں کے لیے 20 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔ اگر ہم گزشتہ اسمبلی انتخابات کی بات کریں تو بی جے پی کو 105، شیوسینا کو 56، این سی پی کو 54 اور کانگریس کو 44 سیٹیں ملی تھیں۔ تاہم انتخابات کے بعد شیوسینا نے این ڈی اے سے الگ ہو کر این سی پی-کانگریس کے ساتھ مل کر حکومت بنائی۔ شیوسینا کے ادھو ٹھاکرے وزیر اعلیٰ بن گئے تھے لیکن بعد میں شیو سینا اور این سی پی  کے دھڑوں کے ساتھ مل کر بی جے پی نے حکومت بنا لی تھی اور ایکناتھ شندے وزیر اعلی بن گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔