ایئر انڈیا طیارہ ایمرجنسی لینڈنگ: روس میں پھنسے مسافر فرش پر سونے کے لیے مجبور، دوائیاں بھی نصیب نہیں
فون پر بات چیت کے دوران گگن نامی ایک شخص نے کہا کہ سفر کو لے کر ٹھیک طرح سے کچھ بھی وضاحت نہیں دی جا رہی اور نامناسب سہولیات کی وجہ سے ان کا سفر چیلنج سے بھرپور ہو گیا ہے۔
6 جون کو ایئر انڈیا کے ایک مسافر طیارہ میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کے بعد روس کے مگدان میں طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی تھی۔ اس درمیان سبھی مسافر محفوظ رہے، لیکن اب ان مسافروں کو کئی طرح کی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دراصل طیارہ دہلی سے امریکہ کے سین فرانسسکو جا رہا تھا، لیکن مگدان میں ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد اب سبھی مسافر وہیں پھنسے ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مسافروں کے سامنے کھانے پینے اور رہنے کے مسائل پیدا ہو گئے ہیں، ساتھ ہی دوائیاں بھی دستیاب نہیں ہو رہی ہیں۔ کچھ مسافروں کو ہوٹل میں جگہ نہیں ہونے کی وجہ سے اسکول اور ہاسٹل میں فرش پر سونا پڑ رہا ہے۔
این ڈی ٹی وی نے طیارہ میں سوار مسافروں سے فون پر بات کی ہے جس سے ان کے مسائل سامنے آئے ہیں۔ فون پر بات چیت کے دوران گگن نامی ایک شخص نے کہا کہ سفر کو لے کر ٹھیک طرح سے کچھ بھی وضاحت نہیں دی جا رہی اور نامناسب سہولیات کی وجہ سے ان کا سفر چیلنج سے بھرپور ہو گیا ہے۔ گگن کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ 230 سے زیادہ لوگ ہیں اور اس میں کئی ضعیف اور بچے بھی ہیں۔ گگن یہ بھی بتاتے ہیں کہ مگدان میں ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد بھی ان کے بیگ اور سامان نہیں دیئے گئے ہیں۔ مسافروں کو بسوں کے ذریعہ الگ الگ مقامات پر بھیجا گیا ہے۔ کچھ لوگوں کو ایک اسکول میں بھی رکھا گیا ہے جو فرش پر سونے کے لیے مجبور ہیں۔ بیت الخلاء کا بھی مناسب انتظام نہیں کیا گیا ہے۔
پریشان حال مسافر کا کہنا ہے کہ کھانے کو لے کر لوگوں کو شدید دقتوں کا سامنا ہے۔ ہر جگہ سی فوڈ اور نان ویج ہی نظر آ رہے ہیں۔ ایسے میں لوگ سوکھی روٹی اور سوپ پی کر وقت گزار رہے ہیں۔ بزرگوں کو دوائیوں کے لیے دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آس پاس ضرورت کے مطابق دوائی نہیں مل رہی ہے۔ ایک دقت یہ بھی ہے کہ مسافروں کو جہاں بھی رکھا گیا ہے، وہاں سے انھیں باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ روسی افسران کا سلوک اچھا ہے لیکن زبان ایک بڑا مسئلہ ثابت ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ منگل کے روز ایئر انڈیا کا طیارہ دہلی سے سین فرانسسکو کے لیے روانہ ہوا تھا۔ درمیان راستے میں ہی طیارہ کے ایک انجن میں خرابی آ گئی تھی جس کے بعد طیارہ کو روس کے مگدان کی طرف موڑ دیا گیا۔ مگدان ایئرپورٹ پر طیارہ کی بہ حفاظت ایمرجنسی لینڈنگ بھی ہو گئی۔ ابھی طیارہ مگدان ایئرپورٹ پر ہی کھڑا ہے، جبکہ مسافر الگ الگ مقامات پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ایئر انڈیا کی طرف سے آج ایک خصوصی طیارہ مگدان کے لیے بھیجا جا رہا ہے جو ان مسافروں کو لے کر سین فرانسسکو کے لیے روانہ ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔