ہولی کے موقع پر دہلی والوں نے شراب پر اڑا دیئے 60 کروڑ، ایک دن میں 26 لاکھ بوتلیں فروخت

محکمہ ایکسائز نے اس ماہ پیر (6 مارچ) تک 227 کروڑ روپے کی 1.13 کروڑ شراب کی بوتلیں فروخت کیں۔ جبکہ حکام کا کہنا تھا کہ 7 مارچ کو 2 ملین بوتلیں فروخت کی گئیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر / بشکریہ ڈی ڈبلیو</p></div>

فائل تصویر / بشکریہ ڈی ڈبلیو

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہولی کے تہوار پر ملک میں کافی جوش و خروش ہے۔ اس دن کو ’ڈرائی ڈے‘ یعنی وہ دن قرار دیا گیا ہے جس پر شراب کی فروخت پر پابندی عائد ہوتی ہے، اس لیے لوگوں نے پہلے ہی سے اس کا انتظام کر رکھا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق قومی راجدھانی دہلی میں شراب کی فروخت نے اس سال پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ 6 مارچ کو ایک ہی دن میں 58.8 کروڑ روپے کی 26 لاکھ بوتلیں فروخت ہوئیں۔

محکمہ ایکسائز نے اس ماہ پیر (6 مارچ) تک 227 کروڑ روپے کی 1.13 کروڑ شراب کی بوتلیں فروخت کیں۔ جبکہ حکام کا کہنا تھا کہ 7 مارچ کو 2 ملین بوتلیں فروخت کی گئیں۔ خیال رہے کہ دہلی میں شراب کی 560 دکانیں ہیں۔ عام دنوں میں جہاں روزانہ 12 سے 13 لاکھ بوتلیں فروخت ہوتی ہیں، وہیں ہولی کے موقع پر ہفتہ، اتوار اور پیر کو شراب کی فروخت کے اعداد و شمار بڑھ کر 15 لاکھ، 22 لاکھ اور 26 لاکھ یومیہ تک پہنچ گئے۔


دہلی کو رواں سال شراب کی فروخت سے 6100 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔ اس رقم میں شراب کی بوتلوں پر ایکسائز ڈیوٹی سے 5000 کروڑ روپے اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے طور پر 1100 کروڑ روپے شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 960 ہوٹلوں، ریستورانوں اور کلبوں میں شراب کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کا ڈیٹا ابھی تک درج نہیں کیا گیا ہے۔

جہاں پچھلے سال دیوالی، کرسمس اور نئے سال کے آس پاس بہت زیادہ شراب فروخت ہوئی تھی۔ وہیں، محکمہ ایکسائز کے مطابق رواں مارچ میں ریونیو کی وصولی گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت بہتر رہی ہے۔ یکم مارچ کو شراب کی 15.2 لاکھ بوتلیں 27.9 کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔ 2 مارچ کو 26.5 کروڑ روپے کی 14.6 لاکھ بوتلیں؛ 3 مارچ کو 31.9 کروڑ روپے کی 16.5 لاکھ بوتلیں فروخت ہوئیں۔


ہولی سے پہلے 4 مارچ کو 35.5 کروڑ روپے کی 17.9 لاکھ بوتلیں؛ 5 مارچ کو 46.5 کروڑ روپے کی 22.9 لاکھ بوتلیں اور 6 مارچ کو 26 لاکھ بوتلیں فروخت ہوئیں، جس کی کل قیمت 58.8 کروڑ روپے تھی۔ شہر میں روزانہ اوسطاً 11 سے 12 لاکھ بوتلوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے۔ یکم مارچ سے ہر روز 14 لاکھ یا اس سے زیادہ بوتلیں فروخت ہو رہی ہیں۔

دہلی میں شراب کے دکانداروں نے بتایا کہ زیادہ تر لوگ وہسکی، وودکا اور اسکاچ خرید رہے تھے۔ موسم کو قدرے گرم ہوتے دیکھ کر کچھ لوگوں نے بیئر بھی خریدی۔ زیادہ تر لوگوں نے 400 سے 1000 روپے فی بوتل میں شراب خریدی۔ دکانداروں نے میڈیا کو بتایا کہ بہت مہنگی شراب کی فروخت زیادہ نہیں ہے جبکہ دیوالی کے موقع پر اس کی فروخت بہتر ہوتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔