اگنی ویروں کو اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کی پولیس میں ملے گا ریزرویشن، وزرائے اعلیٰ نے کیا اعلان

یومِ فتح کارگل کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے سبھی ریاستوں سے اپیل کی تھی کہ اپنے یہاں پولیس اور مسلح افواج کی بھرتی میں اگنی ویروں کو ریزرویشن دیں، یوپی اور ایم پی حکومت نے اس پر فوراً عمل کیا۔

<div class="paragraphs"><p>اگنی ویر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

اگنی ویر، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

آج پورا ملک ’کارگل وجئے دیوس‘ یعنی یومِ فتح کارگل منا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے سبھی ریاستوں سے اپیل کی تھی کہ اپنے یہاں پولیس اور مسلح افواج کی بھرتی میں اگنی ویروں کو ریزرویشن دیں۔ اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کی حکومت نے اس معاملے میں فوری رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے اپنے یہاں پولیس بھرتی میں اگنی ویروں کے لیے ریزرویشن کا اعلان کر دیا ہے۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ ملک کی خدمت کر کے لوٹنے والے اگنی ویروں کو اتر پردیش پولیس اور پی اے اے سی فورس میں ریزرویشن دینے کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ پی ایم مودی کی قیادت میں آج ہندوستان دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت بن چکا ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں ہندوستان میں کارآمد ریفارمس ہوئے ہیں۔ ہندوستانی فوج کی تجدید اور اس کے ساز و سامان کے معاملے میں ہم خودکفیلی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔


وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ بیان نیتی آیوگ کی میٹنگ میں شامل ہونے سے قبل جمعہ کی شام نئی دہلی واقع اپنی سرکاری رہائش پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک اور سماج کے لیے ترقی و خوشحالی کے مواقع بنانے کے لیے وقت وقت پر ہونے والا ریفارم انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ ہر شعبہ میں گزشتہ 10 سالوں میں بہترین ریفارمس ہوئے ہیں۔ قومی سیکورٹی کو بھی ہمیں اہمیت دینے کی ضرورت ہے۔ فوج اور ان کے ساز و سامان میں خود کفیلی کے لیے اٹھائے گئے قدم ہوں یا ماڈرنائزیشن سے متعلق لیے گئے ضروری فیصلے، انھیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ آج جدید جنگی جہاز بھی ہندوستان کے پاس موجود ہے۔

دوسری طرف مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ اگنی ویروں کو سرکاری ملازمت میں ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مدھیہ پردیش حکومت کارگل وجئے دیوس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی جی کی خواہش کے مطابق اعلان کرتی ہے کہ ہمارے یہاں مختلف پولیس فورس، مسلح افواج کی بھرتی میں فوج کی تجدیدکاری کے ساتھ ساتھ اہل فوجیوں کی بھرتی کے علاوہ عالمی سطح پر فوج کو جواں سال بنانے کا منصوبہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔