پھر ایک کورونا مریض نے خود کو لگائی پھانسی، حیدر آباد کے اسپتال میں جھولتی ملی لاش

پیر کی شب اسپتال کے ایک اسٹاف نے 60 سالہ کورونا مریض کی لاش کو پھانسی پر لٹکتا دیکھا اور پھر اس کی اطلاع پولس کو دی گئی۔ پولس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ اسپتال منتقل کر دیا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

تنویر

کورونا انفیکشن والے مریضوں کے ذریعہ خودکشی کے واقعات میں لگاتار اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق حیدر آباد کے ایک اسپتال میں کورونا مریض نے خود کو پھانسی لگا لی۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ایک پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج 60 سالہ مریض نے پیر کی شب خودکشی کر لی۔ پولس کا کہنا ہے کہ مہلوک کا تعلق کریم نگر ضلع سے تھا اور وہ گزشتہ 6 اگست کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ پیر کی شب اسپتال کے ایک اسٹاف نے مریض کی لاش کو پھانسی پر لٹکتا دیکھا اور پھر اس کی اطلاع پولس کو دی گئی۔ پولس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ اسپتال منتقل کر دیا اور وہاں موجود اسٹاف و دیگر لوگوں سے پوچھ تاچھ کی۔ پولس نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اس شخص نے تناؤ میں آ کر یہ افسوسناک قدم اٹھایا ہوگا۔ معاملہ درج کر کے پولس کے ذریعہ ضروری کارروائی شروع ہو گئی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کی کئی ریاستوں میں کووڈ سنٹر اور اسپتالوں میں کورونا مریض کے ذریعہ خودکشی کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ دہلی، مہاراشٹر اور بہار میں کئی مریضوں نے تو کورونا سنٹر یا پھر اسپتال کی چھت سے کود کر بھی اپنی جان دے دی۔ بیشتر معاملوں میں یہی بات سامنے آئی کہ ڈپریشن کی وجہ سے لوگوں نے اپنی زندگی ختم کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Aug 2020, 12:11 PM