ایودھیا: اَن لاک ہوتے ہی بازاروں اور مندروں میں لگی بھیڑ، کووڈ ضابطے بالائے طاق

ایودھیا واقع ہنومان گڑھی مندر اور آس پاس کے دیگر منادر میں لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھی گئی۔ چونکہ آج منگل ہے، اس لیے پوجا کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد اَن لاک کا فائدہ اٹھا کر مندر پہنچ رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ایودھیا میں کورونا کا انفیکشن کچھ حد تک کم ہوا ہے جس کی وجہ سے ہفتے میں صرف دو دن لاک ڈاؤن کی پابندی لگائی گئی ہے، بقیہ دنوں میں سوشل ڈسٹنسنگ اور دیگر کووڈ ضابطے کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کو باہری کام انجام دینے کی چھوٹ دی گئی ہے۔ لیکن ایودھیا اَن لاک ہونے کے بعد بازاروں اور مندروں میں لوگوں کی بھیڑ اس طرح جمع ہونے لگی ہے جیسے کورونا پوری طرح سے ختم ہو چکا ہے۔ نہ لوگوں کے درمیان سوشل ڈسٹنسنگ دیکھنے کو مل رہی ہے اور نہ ہی دیگر کووڈ ضابطوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔ خصوصاً مندر میں تو لوگ پوری طرح بے پروا نظر آ رہے ہیں۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ایودھیا کے ہنومان گڑھی مندر اور آس پاس کے دیگر منادر میں لوگوں کی زبردست بھیڑ پہنچی ہے۔ چونکہ آج منگل ہے، اس لیے بھی پوجا کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد اَن لاک کا فائدہ اٹھا کر مندر پہنچ رہی ہے۔ اس تعلق سے پولس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مندروں کی بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدام کیے جا رہے ہیں۔ ہنومان گڑھی میں بھیڑ زیادہ ہو گئی ہے جسے منظم کرنے کی ہدایت بھی دی جا رہی ہے۔


ہنومان گڑھی انتظامیہ سے منسلک راجو داس کے حوالے سے ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی لائیو‘ پر کہا گیا ہے کہ ’’ضروری نہیں ہے کہ منگل کے دن ہی عقیدتمند ایک ساتھ دَرشن کرنے مندر پہنچیں۔ ہفتے میں صرف 2 دن لاک ڈاؤن ہے، اس لیے دو ہی دن مندر بند رہے گا، گویا کہ باقی دن عقیدتمند مندر میں پوجا کے لیے پہنچ سکتے ہیں۔‘‘ راجو داس کا کہنا ہے کہ اگر سبھی لوگ منگل کو ہی مندر نہ پہنچیں اور پانچ دنوں میں بانٹ بانٹ کر پہنچیں تو بھیڑ بھی نہیں ہوگی اور کورونا انفیکشن کا خطرہ بھی کم ہو جائے گا۔

آج ہنومان گڑھی میں جمع ہوئی بھیڑ کے بارے میں راجو داس کا کہنا ہے کہ ’’آج جیٹھ کا دوسرا منگل ہے، اس لیے بھکتوں کی بھیڑ کچھ زیادہ ہی بڑھ گئی ہے، لیکن انتظامیہ کے لوگوں نے بھیڑ کو قابو میں کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے ہنومان جی کے بھکتوں سے گزارش کی کہ کووڈ انفیکشن کا قہر کم نہیں ہوا ہے، اس لیے سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کرتے رہیں اور ماسک ضرور لگائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Jun 2021, 3:40 PM