سورت میں بی جے پی امیدوار کے بلامقابلہ منتخب ہونے پر کانگریس پہونچی الیکشن کمیشن، دوبارہ انتخاب کرانے کا مطالبہ
کانگریس کا کہنا ہے کہ مکیش دلال کو ناجائز اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے غلط طریقے سے فاتح قرار دیا گیا ہے۔ یہ ایک منصوبے کے تحت ہوا ہے اس لیے اس سیٹ پر نئے سرے سے انتخابی عمل کرائے جائیں۔
سورت لوک سبھا سیٹ پر بی جے پی امیدوار مکیش دلال کا بلامقابلہ منتخب ہونا اب متنازعہ شکل اختیار کرتا جا رہا ہے اور اس جیت پر اب اشتباہ کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ گزشتہ کل کانگریس کے ذریعے اس معاملے میں ’میچ فکسنگ‘ کے الزام اور اس تعلق سے میڈیا میں پیش کیے گئے حقائق کے بعد اب کانگریس نے اس سیٹ پر دوبارہ انتخاب کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس کے لیڈران پر مشتمل ایک وفد نے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنروں سے ملاقات کرتے ہوئے سورت میں دوبارہ انتخابی عمل کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے الیکشن کمشنرس سے ملاقات کے بعد کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے سورت سیٹ پر بی جے پی امیدورا کی بلامقابلہ جیت کو منسوخ کرنے اور اور جلد از جلد دوبارہ انتخابات کرانے کی درخواست کی ہے تاکہ یہ واضح پیغام جائے کہ اس طرح سے غلط اثر ڈال کر فائدہ نہیں اٹھا یا جاسکتا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ ایسا معاملہ نہیں ہے جہاں انتخابی پٹیشن کے ذریعے فیصلہ ہوگا۔
ابھیشیک منو سنگھوی نے مزید کہا ہے کہ چار تجویز کنندگان نے سورت میں کانگریس امیدوار کے لیے دستخط کیے تھے لیکن اچانک چاروں نے اپنے دستخطوں سے انکار کر دیا۔ چاروں اکٹھے ہو گئے۔ یہ اتفاق نہیں ہے۔ ہمارا امیدوار کئی گھنٹوں تک لاپتہ رہا اور جب وہ سامنے آیا تو معلوم ہوا کہ دیگر تمام امیدواروں نے اپنی امیدواری واپس لے لی ہے۔ ہمارے امیدوار کی نامزدگی مسترد کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ نہیں چاہتے کہ اس ملک میں الیکشن ہوں اور سورت کی سیٹ ایک پلیٹ میں سجا کر دے دی جائے تو پھر الیکشن کرانے کی ضرورت ہی کیا ہے؟
واضح رہے کہ سورت لوک سبھا حلقے سے بی جے پی کے امیدوار کے بلا مقابلہ منتخب ہونے پر کانگریس کا کہنا ہے کہ غلط اور ناجائز اثر و رسوخ کے ذریعے بی جے پی کے امیدوار کو فاتح قرار دیا گیا ہے۔ پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ دراصل بی جے پی تاجر برادری سے خوفزدہ تھی جس کی وجہ سے اس نے سورت لوک سبھا سیٹ پر میچ فکسنگ کی کوشش کی۔ اس سیٹ پر کانگریس کے امیدوار نیلیش کمبھانی کی نامزدگی ایک دن پہلے ریٹرننگ آفیسر نے منسوخ کر دی تھی۔ کانگریس امیدوار کی نامزدگی کی منسوخی کے بعد باقی 8 امیدواروں نے بھی اپنی امیدواری واپس لے لی۔ ایسے میں بی جے پی امیدوار مکیش دلال بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ الیکشن کمیشن نے انہیں فاتح کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا ہے۔
سورت لوک سبھا سیٹ سے کانگریس اور بی جے پی سمیت کل 11 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے تھے۔ بی جے پی سے مکیش دلال، کانگریس سے نیلیش کمبھانی، بی ایس پی سے پیاری لال بھارتی، سردار ولبھ بھائی پٹیل پارٹی سے عبدالحمید خان، گلوبل ریپبلکن پارٹی سے جیش میواڈا، لوگ پارٹی سے سہیل خان نے کاغذات نامزدگی داخل کیے تھے۔ ان کے علاوہ اجیت سنگھ امت، کشور ڈایانی، باریا رمیش بھائی اور بھرت پرجاپتی آزادانہ طور پر پرچہ داخل کیے تھے۔ ان کے علاوہ کانگریس نے اپنے متبادل امیدوار سریش پڈسالہ پرچہ داخل کرایا تھا لیکن انہیں بھی تجویز کرنے والوں کی وجہ سے مسترد کر دیا گیا۔ گجرات کے تمام 26 حلقوں پر 7 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے، لیکن سورت سیٹ پر بی جے پی امیدوار کو بلا مقابلہ فاتح قرار دینے کے بعد اب باقی 25 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔