تہاڑ جیل میں وزیر اعلیٰ کیجریوال کو پہلی بار دیا گیا انسولین! شوگر لیول 320 تک پہنچ گیا تھا

گرفتاری کے بعد کیجریوال کو پہلی بار انسولین دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جیل میں کیجریوال کا شوگر لیول لگاتار بڑھ رہا تھا اور 320 تک پہنچ گیا تھا، اس کے بعد انہیں انسولین دینے کا فیصلہ کیا گیا

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: شراب پالیسی معاملہ میں جیل میں قید دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی بیماری اور انسولین کو لے کر تنازعہ لگاتار جاری ہے اور عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان بیان بازی بھی جاری ہے۔ دریں اثنا، نیوز پورٹل ’آج تک‘ نے ذرائع کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ تہاڑ میں کیجریوال کو پہلی بار انسولین دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جیل میں کیجریوال کا شوگر لیول لگاتار بڑھ رہا تھا، ان کا شوگر لیول 320 تک پہنچ گیا تھا۔ جس کے بعد انہیں انسولین دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ تہاڑ ذرائع نے بتایا کہ پیر کی شام کیجریوال کو انسولین دی گئی۔ ایمس کے ڈاکٹر نے مشورہ دیا تھا کہ بالکل ضروری ہونے پر ہی انسولین دیا جائے، جس کے بعد پیر کی شام کیجریوال کو انسولین دیا گیا۔


خیال رہے کہ اس سے پہلے عام آدمی پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں اور لیڈروں نے کیجریوال کو انسولین نہ دینے کے معاملے پر تہاڑ جیل میں مظاہرہ کیا تھا۔ پارٹی کارکنان انسولین کی خوراک لینے اور جیل انتظامیہ کے خلاف علامتی احتجاج کرنے کے لیے تہاڑ کے باہر جمع ہوئے تھے۔ عآپ لیڈروں نے تہاڑ جیل کے حکام سے کیجریوال کو انسولین فراہم کرنے کو کہا تھا۔

عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا تھا کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو تہاڑ جیل کے اندر ’رفتہ رفتہ موت‘ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ پارٹی نے سوال اٹھایا تھا کہ عہدیدار انہیں انسولین دینے سے کیوں انکار کر رہے ہیں۔ تاہم دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے اس دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔ انہوں نے کیجریوال کی خوراک اور انسولین کی ضرورت پر جیل حکام کی رپورٹ کا حوالہ دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔