طویل عرصہ بعد 24 اکتوبر کی شام دہلی سے پٹنہ پہنچیں گے لالو یادو، سیاسی ہلچل تیز
دلچسپ بات یہ ہے کہ بہار میں دو اسمبلی سیٹوں پر ہو رہے ضمنی انتخاب کو لے کر کانگریس-آر جے ڈی کے اتحاد میں آئی تلخی کے درمیان لالو پرساد پٹنہ پہنچ رہے ہیں۔
ایک طویل عرصہ بعد آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اتوار کو دہلی سے پٹنہ پہنچیں گے۔ جانکاری کے مطابق لالو پرساد اتوار کو دوپہر دہلی سے پٹنہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ ان کے ساتھ بیوی رابڑی دیوی اور بیٹی میسا بھارتی بھی پٹنہ جائیں گی۔ غور طلب ہے کہ فی الحال لالو پرساد کا دہلی کے ایمس میں علاج چل رہا ہے۔ ڈاکٹر کی اجازت کے بعد ہی لالو پرساد کا پٹنہ جانے کا پروگرام طے ہوا ہے۔ ڈاکٹر نے انھیں ڈائٹ چارٹ فالو کرنے کے ساتھ وقت وقت پر شگر لیول کی نگرانی کرنے کی صلاح دی ہے۔
خاص بات یہ ہے کہ بہار میں دو اسمبلی سیٹوں پر ہو رہے ضمنی انتخاب کو لے کر کانگریس-آر جے ڈی اتحاد میں آئی تلخی کے درمیان لالو پرساد بہار پہنچ رہے ہیں۔ اس لیے بھی ان کا دہلی سے پٹنہ جانا بے حد اہم مانا جا رہا ہے۔ حالانکہ پارٹی ذرائع کے مطابق فی الحال لالو یادو کا انتخابی تشہیر میں حصہ لینا طے نہیں ہے۔ اس کے باوجود بہار کی سیاست میں ہلچل تیز ہے۔ لالو یادو کی طبیعت کو دیکھتے ہوئے ہی آگے کوئی منصوبہ بندی ہوگی۔ لیکن پارٹی کے 20 اسٹار پرچارکوں کی فہرست میں لالو پرساد کا نام سرفہرست ہے۔
اس سے قبل لالو پرساد کے چھوٹے بیٹے تیجسوی یادو بھی کہہ چکے ہیں کہ لالو پرساد بھی بہار جانا چاہتے ہیں، لیکن ڈاکٹر نے سفر نہیں کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ وہیں اس درمیان بی جے پی لیڈر اور وزیر امریندر پرتاپ سنگھ نے ان کے بہار میں انتخابی تشہیر کی قیاس آرائیوں پر سوال کھڑے کرتے ہوئے کہا کہ چارہ گھوٹالے میں سزا کاٹ رہے لالو یادو کو عدالت نے خراب صحت کی بنیاد پر ضمانت دی ہے۔ لیکن اگر وہ انتخابی تشہیر کرنے جاتے ہیں تو عدالت کو اس پر نوٹس لے کر لالو یادو کے خلاف کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔
غور طلب ہے کہ بہار میں 30 اکتوبر کو اسمبلی کی 2 سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہونے ہیں۔ ریاست میں گزشتہ اسمبلی انتخاب آر جے ڈی اور کانگریس نے اتحاد میں ہی لڑا تھا، لیکن ضمنی انتخاب میں یہ اتحاد ٹوٹ گیا ہے۔ پہلے آر جے ڈی نے ضمنی انتخاب میں دونوں سیٹوں، یعنی کشیشور استھان اور تاراپور میں اپنے امیدوار اتار دیے۔ جس کے بعد کانگریس نے بھی دونوں سیٹ پر اپنے امیدوار اتار دیے۔ حالانکہ ضمنی انتخاب میں امیدواروں کے اعلان کے بعد لالو یادو اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی ملاقات دہلی میں ہو چکی ہے۔ آگے کی پالیسی لالو یادو پٹنہ جا کر پارٹی کے دیگر لیڈروں سے ملاقات کے بعد ہی طے کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔