سرکاری اسکولوں میں لاکھوں طلبا کا اضافہ کورونا وبا سے متاثر والدین کی معاشی بدحالی کا مظہر: آدرش شاستری
سابق رکن اسمبلی اور کانگریس لیڈر آدرش شاستری کا کہنا ہے کہ 1027 سرکاری اسکولوں میں سے صرف 339 میں ہی سائنس اسٹریم موجود ہے اور دہلی سرکار کے اسکولوں میں اساتذہ کی 45 فیصد کمی بھی ہے۔
’’دہلی کے پرائیویٹ اسکولوں کے 2 لاکھ 40 ہزار طلبا نے مجبوراً اسکول چھوڑ کر سرکاری اسکولوں میں داخلہ لیا ہے، جب کہ 50 ہزار طلبا نے ایم سی ڈی اسکولوں کا انتخاب کیا ہے۔ سرکاری اور میونسپل اسکولوں میں طلبا کا اضافہ تعلیمی معیار بہتر ہونے کی وجہ سے نہیں درج کیا گیا ہے، بلکہ کورونا وبا میں پیدا معاشی بحران کے سبب والدین اور سرپرستوں کے ذریعہ فیس دینے کی صلاحیت نہ ہونے کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔‘‘ یہ باتیں دہلی پردیس کانگریس کمیٹی دفتر راجیو بھون میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی آدرش شاستری نے بتائیں۔
آدرش شاستری نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اروند کیجریوال حکومت کے ذریعہ دہلی والوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کرنے کی وجہ سے بیشتر کنبے مالی بحران برداشت کر رہے ہیں۔ جب کووڈ سے اموات کا سلسلہ تیز تھا، اور کئی گھر والوں نے اپنی روزی روٹی تک گنوا دی تھی، ایسے وقت میں کانگریس پارٹی کے ذریعہ زور دیے جانے کے بعد کیجریوال حکومت نے مالی پیکیج دینے کا وعدہ کیا تھا۔
سرکاری اسکول کے معیار کے تعلق سے بات کرتے ہوئے آدرش شاستری نے سوال کیا کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال اور نائب وزیر اعلیٰ سسودیا دہلی حکومت کے اسکولوں کو ورلڈ کلاس ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، کیا میونسپل اسکول ورلڈ کلاس نہیں ہے جن کو اتنی بڑی تعداد میں طلبا نے منتخب کیا ہے؟ کانگریس لیڈر نے یہ بھی سوال کیا کہ اگر وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کا دہلی کے تعلیمی ماڈل کے ورلڈ کلاس ہونے کا دعویٰ درست ہے تو کووڈ سے قبل کیجریوال حکومت کے پانچ سالوں کے دوران ایک لاکھ دس ہزار سے زائد طلبا نے سرکاری اسکولوں کو کیوں چھوڑ دیا تھا، جب کہ اسی دوران پرائیویٹ اسکولوں میں 3 لاکھ 25 ہزار طلبا کا اضافہ ہوا تھا اور دہلی میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں بھی 1 لاکھ 75 ہزار طلبا کی زبردست گراوٹ دیکھی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : ایودھیا میں ’فلمی رام لیلا‘ پر تنازعہ، نمائش روکنے کا مطالبہ
کیجریوال کے جھوٹ کو ظاہر کرتے ہوئے آدرش شاستری نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں 45 فیصد اساتذہ کی کمی ہے جب کہ 1027 سرکاری اسکولوں میں سے صرف 196 اسکولوں میں ہی پرنسپل موجود ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ حیران کرنے والی بات ہے کہ دہلی حکومت کے 339 اسکولوں میں ہی سائنس اسٹریم کی پڑھائی ہو رہی ہے اور کیجریوال حکومت نے کانگریس کی شیلا دیکشت کی قیادت میں بنائے گئے 16 اسکولوں کو بند کر دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔