انڈیا بلاک میں مزید ایک فرد کا اضافہ، رکن پارلیمنٹ محمد حنیفہ نے راہل گاندھی سے ملاقات کر حمایت کا کیا اعلان
لوک سبھا انتخابات میں کسی پارٹی کو اکثریت نہیں ملی مگر این ڈی اے نے اپنی حکومت تشکیل دے دی ہے، دوسری جانب انڈیا الائنس کے ارکان کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد بی جے پی کی قیادت میں این ڈی اے نے مرکز میں حکومت تو بنا لی ہے لیکن دوسری جانب انڈیا الائنس کا قبیلہ بھی آہستہ آہستہ بڑھتا جا رہا ہے۔ انڈیا الائنس کے اس قبیلے میں اب مزید ایک نئے فرد کا اضافہ ہوا ہے۔ لداخ کے نومنتخب آزاد رکن پارلیمنٹ محمد حنیفہ انڈیا الائنس میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے دہلی میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے انڈیا الائنس کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ محمد حنیفہ کی حمایت کے ساتھ ہی انڈیا الائنس کے ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 237 ہو گئی ہے۔
لوک سبھا انتخابات 2024 کے نتائج سامنے آنے کے دو دن بعد ہی مہاراشٹر کے سانگلی سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن جیتنے والے رکن پارلیمنٹ وشال پاٹل نے بھی انڈیا الائنس کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے سے ملاقات کے بعد انڈیا الائنس میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔
محمد حنیفہ نے لداخ لوک سبھا سیٹ سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا تھا۔ انہوں نے تسرینگ نامگیال کو 27906 ووٹوں سے شکست دی تھی۔ یہ سیٹ بی جے پی نے 2014 اور 2019 میں جیتی تھی۔ اس بار محمد حنیفہ نے آزاد امیدوار کے طور پر یہاں سے کامیابی حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد مہاراشٹر کے سانگلی سے آزاد ایم پی وشال پاٹل، بہار کی پورنیا لوک سبھا سیٹ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الکیشن لڑنے والے پپو یادو اور اب محمد حنیفہ نے انڈیا الائنس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انڈیا الائنس نے لوک سبھا انتخابات 2024 میں 234 سیٹیں جیتی تھیں، جب کہ این ڈی اے الائنس نے 293 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اب تین آزاد ممبران پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہونے کے بعد انڈیا الائنس کے ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 237 ہو گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔