’جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے‘، دہلی پولیس سے کانگریس کا مطالبہ
دہلی کانگریس کے وفد نے دہلی پولیس کمشنر سے ملاقات کی اور سوشل میڈیا پر کانگریس کے خلاف فرضی و بے بنیاد خبریں پھیلانے والے بی جے پی لیڈروں پر ایف آئی آر درج کراتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیوندر یادو کی قیادت میں آج کانگریس کا ایک وفد دہلی پولیس کمشنر سنجے اروڑہ سے ملا۔ اس دوران کانگریس وفد نے بی جے پی لیڈروں اور اس سے وابستہ دیگر افراد کے خلاف ایک شکایت درج کرائی ہے۔ اپنی شکایت میں کانگریس لیڈران نے ان پر جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلانے، عوام کو بھڑکانے اور لوگوں کے درمیان دشمنی پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔
دہلی پولیس کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے دہلی کانگریس کے صدر نے بتایا کہ 4 مئی 2024 کو وہ دہلی کانگریس کے وکلاء کے ساتھ تغلق روڈ میں بی جے پی اور ان سے جڑے دیگر لوگوں کے خلاف شکایت درج کرائی گئی تھی۔ یہ لوگ لوک سبھا انتخاب 2024 کے دوران عوام کو گمراہ کرنے، بھڑکانے اور لوگوں کے درمیان دشمنی پیدا کرنے کے لیے فرضی خبریں پھیلا رہے تھے۔ دہلی کانگریس صدر نے پولیس کمشنر کو پورے معاملے کی جانکاری دی اور مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں جلد از جلد ایف آئی آر درج کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دیوندر یادو نے پولیس کمشنر کو بتایا کہ راہل گاندھی کی ویڈیو کو ایڈٹ کر کے ایس سی/ ایس ٹی/ او بی سی/ اقلیتی طبقے سے متعلق ان کی تقریر کو صرف اقلیتوں کا بنا کر گمراہ کن بنایا گیا۔ دیویندر یادو نے مطالبہ کیا کہ ایسی مذموم حرکتوں کو روکا جائے اور ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایک طرف تو پولیس بی جے پی کے معاملے میں از خود نوٹس لے لیتی ہے اور دوسری طرف اگر کانگریس و دیگر اپوزیشن پارٹیاں کسی انتہائی حساس معاملے پر شکایت بھی درج کرتی ہیں تو انہیں طویل انتظار کرایا جاتا ہے۔
دیوندر یادو نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران جھوٹ و بدنیتی پر مبنی ویڈیو گرافک مواد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بار بار شیئر کرتے ہوئے ووٹرس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام جھوٹی اور بے بنیاد ویڈیوز پبلک ڈومین میں موجود ہیں اور بی جے پی کے نمائندوں کے ذریعہ اپلوڈ اور شیئر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور ووٹرس کو گمراہ کرنے اور دو طبقوں کے درمیان دشمنی اور نفرت پیدا کرنے کے لیے ان ویڈیوز کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے اور ان میں گمراہ کن اور جھوٹا مواد شامل کیا گیا ہے۔
اس وفد میں ریاستی صدر دیوندر یادو کے ساتھ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا انچارج پون کھیڑا، سوشل میڈیا شعبے کی سربراہ سپریا شرینیت، سابق ریاستی صدر سبھاش چوپڑا، انل چودھری، اے پی سی کے سکریٹری مسٹر ابھیشیک دت، کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین انل بھاردواج، سابق ایم ایل اے شری حسن احمد، قانونی اور انسانی حقوق شعبہ کے چیئرمین ایڈووکیٹ سنیل کمار، انوپ شوقین و عبدالواحد قریشی شامل تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔