’پہلے مودی و امت شاہ کے خلاف کارروائی کی جائے‘، الیکشن کمیشن کی نوٹس پر ادھوٹھاکرے کا شدید ردعمل

پارٹی گیت میں لفظ ’ہندو دھرم‘ اور ’بھوانی‘ کے استعمال پر الیکشن کمیشن کی نوٹس پر ادھوٹھاکرے نے کہا ہے کہ پی ایم مودی اور امت شاہ رام کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں، پہلے ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>ادھو ٹھاکرے، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ادھو ٹھاکرے، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

الیکشن کمیشن کے ذریعے لوک سبھا انتخابات کے دوران پارٹی کی انتخابی مہم کی گیت پر جاری نوٹس پر ادھو ٹھاکرے نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کمیشن جو چاہے کارروائی کرے، لیکن پہلے مودی اور امت شاہ کے خلاف کرے۔ پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعے انتخابی مہم میں مذہبی علامات کے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنے انتخابی گیت کو تبدیل نہیں کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے شیو سینا (یو بی ٹی) کے انتخابی گیت میں لفظ ’ہندو دھرم‘ اور’بھوانی‘ کے استعمال پر نوٹس بھیجا ہے۔ اس پر ادھو ٹھاکرے آج میڈیا کے سامنے آئے اورای سی کی اس نوٹس پرسخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اب یہی سب سے اہم مسائل رہ گئے ہیں اور ان کے علاوہ کسی اور پر بات نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے پی ایم مودی اور امیت شاہ کی انتخابی مہم کا حوالہ دیا جس میں وہ مبینہ طور پر رام مندر کے موضوع پر بات کرتے ہیں۔


ادھو ٹھاکرے نے پی ایم مودی کی ایک ریلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ریلی میں پی ایم ووٹروں سے اپیل کر رہے تھے کہ جب وہ ووٹ ڈالنے جائیں تو بجرنگ بالی کے نام کا بٹن دبائیں۔ ادھو نے امت شاہ کی ایک ریلی کا حوالہ دیا جس میں وہ مبینہ طور پر رائے دہندگان سے رام للا کے درشن کے بارے میں پوچھ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے ان پر ایکشن لے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ آج یہ لیڈر (مودی، امت شاہ) رام کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں، کیا اب اصول بدل گئے ہیں؟

ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ یہ مسئلہ اس لیے اٹھایا جا رہا ہے کیونکہ ہمارا انتخابی نشان مشعل ہے اور ہم نے ایک متاثر کن گانا بنایا ہے۔ جب یہ الیکشن کمیشن کے پاس گیا تو انہوں نے دو الفاظ ہٹانے کو کہا - ایک ’ہندو دھرم‘ اور دوسرا ’بھوانی‘۔ ادھو ٹھاکرے نے واضح کیا کہ وہ بھوانی ماتا پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ان الفاظ کو اپنے انتخابی گیت سے نہیں ہٹائیں گے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ الیکشن کمیشن جو چاہے کارروائی کرے لیکن اس سے پہلے مودی اور امیت شاہ کے خلاف کارروائی کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔