’مشن جھاڑو کے تحت عآپ لیڈروں پر ایکشن ہو رہا ہے‘، کیجریوال کا پی ایم مودی و بی جے پی پر سخت حملہ

وزیر اعلی اروند کیجریوال عآپ لیڈروں کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے بی جے پی ہیڈکوارٹر کے لئے روانہ ہوئے تھے لیکن دہلی پولیس نے انہیں اور پارٹی کے دیگر لیڈروں کو وہاں جانے سے روک دیا۔

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ کیجریوال خطاب کرتے ہوئے /&nbsp; تصویر: بپن، قومی آواز</p></div>

وزیر اعلیٰ کیجریوال خطاب کرتے ہوئے / تصویر: بپن، قومی آواز

user

قومی آوازبیورو

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اتوار (19 مئی) کو عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو یکے بعد دیگرے جیل میں ڈالنے کے خلاف بی جے پی و پی ایم مودی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آپ کے لیڈروں کے خلاف مشن جھاڑو کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ بی جے پی آپریشن جھاڑو چلا رہی ہے۔ جو کچھ بھی ہو رہا ہے پی ایم  مودی کروا رہے ہیں۔ انتخابات کے بعد عآپ کے بینک اکاؤنٹ منجمد کیے جائیں گے۔ پی ایم نے عام آدمی پارٹی کو ختم کرنے کا تہیہ کر لیا ہے۔

بی جے پی دفتر جاتے ہوئے روکے جانے پر عآپ کے لیڈران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا کہ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ ہم آج یہاں کیوں جمع ہوئے ہیں۔ پی ایم نے عام آدمی پارٹی کو کچلنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے آپریشن جھاڈو شروع کیا ہے۔ ہمارے اور ان کے مشترکہ جاننے والوں نے ہم کو بتایا کہ جب ہم پی ایم سے ملے تو انہوں نے ملتے ہی عآپ کے بارے میں بات کی۔ پی ایم نے کہا کہ عام آدمی پارٹی والے بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔


سی ایم کیجریوال نے کہا کہ آنے والے وقت میں عام آدمی پارٹی کئی ریاستوں میں بی جے پی کے لیے چیلنج بن سکتی ہے اس لیے پی ایم کا ماننا ہے اور وہ کہتے بھی ہیں کہ اس پارٹی کو فوراً ختم کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن جھاڈو کے تحت عام آدمی پارٹی کے بڑے لیڈروں کو گرفتار کیا جائے گا اور گرفتار کیا جا رہا ہے۔ بینک اکاؤنٹس ضبط کر لیے جائیں گے۔ ای ڈی نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد عام آدمی پارٹی کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کردیا جائےگا اور پارٹی دفتر خالی کرایا جائے گا۔ انہیں لگتا ہے کہ اس طرح وہ عام آدمی پارٹی کو تباہ کر دیں گے۔ میں کہنا چاہتا ہوں یہ 140 کروڑ لوگوں کے خوابوں کی پارٹی ہے۔ 75 سالوں میں ملک کے عوام نے ایسا کام نہیں دیکھا تھا جیسا کہ ہم کرتے ہیں۔ حکومت بھی اتنی ایمانداری سے چل سکتی ہے۔ ہماری پارٹی کا نظریہ ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور سی ایم اروند کیجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پارٹی لیڈروں کو گرفتار کرکے جیل کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت اور بی جے پی کو چیلنج کیا ہے کہ وہ خود اور آپ کے لیڈر اور کارکن بی جے پی ہیڈ کوارٹر پہنچ جائیں۔ اگر ان میں ہمت ہے تو پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کریں۔ اروند کیجریوال نے ہفتہ کو ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ بی جے پی کے لوگ ایک کے بعد ایک آپ لیڈروں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے دہلی ایکسائز کیس میں ستیندر جین، منیش سسودیا اور سنجے سنگھ کو گرفتار کیا۔ اس کے بعد مجھے ای ڈی نے گرفتار کر کے تہاڑ جیل بھیج دیا۔ اب انہوں نے میرے سابق پی اے ویبھو کمار کو جیل بھیج دیا ہے۔ آنے والے دنوں میں وہ راگھو چڈھا، آتشی اور سوربھ بھردواج کو جیل میں ڈالیں گے۔ انہوں نے بی جے پی سے سوال کیا ہے کہ کیا یہ سب اس لیے ہو رہا ہے کہ انہوں نے دہلی کے لوگوں کو تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات فراہم کیں؟ عوام کو مفت بجلی اور پینے کے پانی کی سہولتیں فراہم کیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔