’مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کرنے والے نتیش رانے کی پولیس سیکورٹی ہٹائی جائے‘
ابو عاصم نے کہا کہ آج معاشرے میں اہم اشخاص کی شان میں گستاخی کر کے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے اگر اس پر قابو پانا ہے تو سخت قانون کا نفاذ ضروری ہے
ممبئی: مہاراشٹر سماجوادی پارٹی رہنما و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے ریاستی گورنر سے بی جے پی لیڈر نیتش رانے کی سیکورٹی ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نفرت کا ماحول قائم کیا جا رہا ہے، بنگلہ دیش کے تشدد اور شورش کا موزانہ ہندوستان میں کیا جا رہا ہے، یہاں مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور نتیش رانے ہر روز مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نتیش رانے کی بدزبانی حد سے تجاوز کر گئی ہے اور وہ بھی انہی کی طرح کے الفاظ کا استعمال کر سکتے ہیں لیکن ان کو ان کی تہذیب اجازت نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ شیواجی مہاراج اور مذہبی کتابوں سمیت توہین رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے مرتکبین پر دہشت گردی قانون کے تحت مقدمہ درج کروا کر اور ان پر سخت کارروائی کی جانی چاہئے لیکن سرکار کی اس میں دلچسپی نہیں ہے۔
ابو عاصم نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج معاشرے میں اہم اشخاص کی شان میں گستاخی کر کے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگر اس پر قابو پانا ہے تو سخت قانون کا نفاذ ضروری ہے۔ مسلم ریزرویشن کے مطالبہ پر اعظمی نے کہا کہ اس سرکار سے مسلمانوں کے 5 فیصد ریزرویشن کی امید و توقع فضول ہے، کیونکہ یہ سرکار مسلمانوں اور ہندوؤں میں تفریق پیدا کر کے اپنے سیاسی مقصد کو بروئے کار لاتے ہوئے مسلم ریزرویشن کی مخالفت کرتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ حکومت مسلمانوں کی مخالفت کر کے پولرائزیشن کر رہی ہے، اس لئے آئندہ سیکولر سرکار سے ہم اس بات کا مطالبہ کریں گے کہ وہ 5 فیصد ریزرویشن کو بحال کرے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔