عبوری بجٹ میں روزگار دینے کے لیے ایک بھی لفظ کا نہ ہونا بی جے پی حکومت کی ناکامی کا مظہر: اروندر سنگھ لولی

دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے مرکزی حکومت کے ذریعہ پیش کردہ عبوری بجٹ کو انتہائی مایوس کن قرار دیا اور کہا کہ یہ بی جے پی کے لیے آخری عبوری بجٹ ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>میڈیا سے مخاطب دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی (درمیان میں)</p></div>

میڈیا سے مخاطب دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی (درمیان میں)

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ’’بی جے پی حکومت کا عبوری بجٹ مایوس کن ہے۔ اس میں ملک کے انتہائی اہم ایشو یعنی نوجوانوں کو روزگار اور مہنگائی پر کنٹرول جیسے امور پر ایک لفظ بھی نہیں کہا گیا ہے۔ بی جے پی حکومت میں اچھے دن کس کے لیے آئے ہیں، یہ پورا ملک جانتا ہے۔‘‘ یہ بیان دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اروندر سنگھ لولی نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران دیا۔

اروندر سنگھ لولی نے آج پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کے ذریعہ پیش عبوری بجٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’عبوری بجٹ میں ملازمت پیشہ، چھوٹے بڑے کاروباریوں، صنعت کاروں، خواتین، کسانوں اور غریبوں کو کسی بھی طرح کی راحت نہیں دی گئی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’انتخاب سے قبل عبوری بجٹ میں بھی عوام کو راحت نہیں دینے کے بعد بی جے پی کی منشا صاف نظر آتی ہے کہ انھیں عوام کے جذبات سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ 10 سالوں کی بدتر حکمرانی میں مودی حکومت نے عوام کی امیدوں کو توڑا ہے۔‘‘


اروندر سنگھ لولی نے پریس کانفرنس میں میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کی 10 سالہ مدت کار میں تعلیم، زراعت، صحت اور سماجی فلاح پر وزارت مالیات کے ذریعہ الاٹ بجٹ سے کم رقم خرچ کرنا غیر اطمینان بخش ہے۔ اپنی دونوں مدت کار میں بی جے پی کی حکومت نے صرف نشان زد سرمایہ داروں کے مفادات کو دیکھ کر منصوبے بنائے ہیں۔ حتیٰ کہ منافع کمانے والے سرکاری اداروں کو سرمایہ داروں کے ہاتھوں فروخت کرنا ہی کیوں نہ ہو۔ اروندر لولی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے غریبوں، مزدوروں، محروم طبقات، پسماندہ اور متوسط طبقات کے مفادات کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔