اے بی پی نیوز کے رپورٹر کی مشتبہ حالات میں موت
متوفی سلبھ شری واستوا کو شراب مافیہ کے خلاف خبر چلانے کے سبب خوف تھا، اسی لئے انہوں نے گزشتہ 12 جون کو اے ڈی جی کو مکتوب ارسال کر جان و مال کی حفاظت کا مطالبہ کیا تھا۔
پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ کوتوالی سٹی علاقے کے سکھپال نگر اینٹ بھٹّے کے نزدیک گزشتہ اتوار و پیر کی شب تقریباً 11 بجے مشتبہ حالات میں اے بی پی نیوز کے رپورٹر کی بائیک کے پول سے ٹکرا جانے کے سبب موت ہوگئی۔ متوفی نے گزشتہ 12 جون کو اے ڈی جی کو مکتوب ارسال کر جان و مال کی حفاظت کا مطالبہ کیا تھا۔
ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سریندر دیویدی نے آج بتایا کہ اے بی پی نیوز کے رپورٹر سلبھ شری واستوا 42 ساکن ریلوے روڈ پرتاپ گڑھ اتوار کو تھانہ لال گنج علاقے کے اسرہی گاوں میں برآمد اسلحہ فیکٹری کی نیوز کور کرکے واپس گھر آرہے تھے کہ تھانہ کوتوالی سٹی علاقے کے سکھپال نگر اینٹ بھٹّے کے نزدیک بجلی کے پول سے ٹکرا جانے کے سبب شدید زخمی ہو گئے۔ جہاں علاج کے لئے ضلع اسپتال لایا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں : منور رانا: غزل کا معصوم اورمقدس چہرہ...معین شاداب
وہیں اطلاع پر اہل خانہ ضلع اسپتال پہنچے۔ پولیس دیگر پہلوؤں پر گہرائی سے تحقیقات کر قانونی کارروائی کر رہی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا۔ متوفی سلبھ کے پسماندگان میں اہلیہ و ایک بیٹا و بیٹی ہے۔ واضح کردیں کہ متوفی سلبھ شری واستوا کو شراب مافیہ کے خلاف خبر چلانے کے سبب خوف تھا، اسی لئے انہوں نے گزشتہ 12 جون کو اے ڈی جی کو مکتوب ارسال کر جان و مال کی حفاظت کا مطالبہ کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔