جموں وکشمیر سے امسال قریب 6 ہزار عازمین حج کا فریضہ انجام دیں گے: صوبائی کمشنر کشمیر
انہوں نے کہا کہ اس سال جموں و کشمیر سے 6 ہزار کے قریب عازمین حج کا فریضہ انجام دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے 5 ہزار چار سو کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ باقی صوبہ جموں اور لداخ یونین ٹریٹری کے ہیں۔
سری نگر: صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ امسال جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے قریب چھ ہزار عازمین فریضہ حج انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے پہلی پرواز پانچ جون سے عازمین کے قافلہ لے کر روانہ ہوگی اور یہ سلسلہ پندرہ دنوں تک جاری رہے گا۔ موصوف کمشنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں حج ہاؤس میں انتطامات کا جائزہ لینے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’اس سال جموں و کشمیر سے چھ ہزار کے قریب عازمین حج کا فریضہ انجام دیں گے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے پانچ ہزار چار سو کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ باقی صوبہ جموں اور لداخ یونین ٹریٹری کے ہیں۔ پولے نے کہا کہ ہر دن دو یا تین پروازیں عازمین کے قافلوں کو لے کر روانہ ہوں گی اور یہ سلسلہ پندرہ دنوں تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ حج ہاؤس میں تمام تر انتظامات کو عملی شکل دی گئی ہے تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ عازمین کو پرواز کے مقررہ وقت سے چار ساڑھے چار گھنٹے قبل ہی پہنچنا ہے اور انہیں آر ٹی پی سی ٹیسٹ بھی کرانا ہے جس کے لئے جے وی سی ہسپتال میں سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ امسال کورونا وبا کی وجہ سے دو برس بعد غیر ملکی عازمین یہ فریضہ انجام دیں گے۔ سعودی حکومت کی طرف سے جاری حج کوٹے کے مطابق امسال دنیا بھر سے دس لاکھ عازمین اس فریضے کو انجام دیں گے جبکہ بھارت سے 55 ہزار ایک سو 64 خواہمشند افراد حج کریں گے۔ تاہم سعودی حکومت نے امسال 65 برس سے کم عمر کے افراد کو ہی حج انجام دینے کی اجازت دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔