عآپ رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ایل جی کے قانونی نوٹس کی کاپی پھاڑی، کئی الزامات عائد کئے

سنجے سنگھ نے ایل جی ونے سکسینہ پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا اور معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی اور ای ڈی سے کرانے کا مطالبہ کیا۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے لیڈران کو لیفٹیننٹ گورنر ونے سکسینہ کی جانب سے بھیجے گئے ہتک عزتی کے نوٹس پر ہنگامہ جاری ہے۔ بدھ کے روز پریس کانفرنس کے دوران عآپ رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ایل جی کے قانونی نوٹس کی کاپی پھاڑ کر احتجاج درج کرایا۔ سنجے سنگھ نے اسی کے ساتھ ایل جی پر کئی الزامات بھی عائد کئے۔

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ایل جی ونے سکسینہ پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا اور معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی اور ای ڈی سے کرانے کا مطالبہ کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران سنجے سنگھ نے کہا کہ آج بہت ہی بڑے اور سنگین معاملہ کا انکشاف کرنے جا رہا ہوں، یہ معاملہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کے وی آئی سی (کھادی کی صنعت) کے صدر کے طور پر فرائض انجام دیتے ہوئے بدعنوانی کی۔


سنجے سنگھ نے کہا کہ کھادی کی صنعت میں 4 لاکھ 55 ہزار ملازمین کام کرتے ہیں لیکن انہیں چیک یا بینک کھاتے کے ذریعے ادائیگی نہیں کی جاتی۔ پٹنہ ہائی کورٹ نے 2017 میں حکم دیا تھا کہ کوئی بھی ادائیگی نقد نہیں ہونی چاہئے۔ جبکہ کے وی آئی سی کے ایک مکتوب سے معلوم ہوتا ہے کہ ادائیگی نقد طور پر کی جا رہی ہے۔

سنجے سنگھ نے کہا کہ کھادی گرام ادیوگ کے رکن راجندر پرتاپ گپتا نے بھی کہا تھا کہ کھادی کی صنعت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ ونے سکسینہ 23 کروڑ کا گیسٹ ہاؤس خریدنے جا رہے تھے اور راجندر پرتاپ نے اس پر بھی اعتراض ظاہر کیا تھا۔


خیال رہے کہ دہلی کے ایل جی ونے کمار سکسینہ نے مبینہ فرضی الزامات عائد کرنے کے معاملہ میں سنجے سنگھ، آتشی اور درگیش پاٹھک سمیت عآپ کے متعدد لیڈران کو قانونی نوٹس بھیجا تھا۔ عآپ لیڈران کو اس معاملہ میں 48 گھنٹے کے اندر جواب دینے کو کہا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔