'اروند کیجریوال پر حملہ'، وزیر اعلیٰ آتشی نے جاری کی تصویر، اکھلیش یادو برہم
عام آدمی پارٹی، دہلی سابق وزیراعلیٰ کیجیریوال پر مبینہ حملے کو لے کر بی جے پی پر حملہ کر رہی ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ یہ حملہ بی جے پی کے غنڈوں نے کیا ہے۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے اس شخص کی تصویر جاری کی ہے جس نے عآپ کے کنوینر اور سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال پر مبینہ طور پر حملہ کیا ۔ جس شخص کی تصویر وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے اس کا نام روہت سہراوت ہے۔ نام کے آگے بی جے پی لکھا ہے۔ تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ آتشی نے لکھا، ’’آج اروند کیجریوال پر حملہ کرنے والا بی جے پی کا غنڈہ ہے۔‘‘
عام آدمی پارٹی کے کئی رہنماؤں نے حملہ کو لے کر بی جے پی کو گھیر کر نشانہ بنایا۔ اس دوران اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی ٰ اور سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بھی اس معاملے پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ اکھلیش یادو نے کہا، " اروند کیجریوال پر دہلی میں پد یاترا کے دوران حملے کی خبریں قابل مذمت اور تشویشناک بھی ہیں۔ یہ کہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ یہ حملہ کس نے کیا ہو گا۔ سب جانتے ہیں کہ کس کی سیاست تشدد ہےاور ہندوستانی سیاست میں نفرت اور پرتشدد ہونا شکست کی علامت ہے۔"
دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا نے کہا، "اگر عوام سوال پوچھتے ہیں تو کیجریوال کیوں پریشان ہیں؟ آج وکاسپوری میں مقامی لوگ ضمانت پر جیل سے باہر کیجریوال سے گندے پانی کی شکایت کر رہے تھے۔ وہ ان سے گندا پانی پینے کو کہہ رہے تھے۔ اس کی وجہ سے کیجریوال حیران ہے...جب عوام آپ سے سوال پوچھ رہی ہے، آپ اسے بی جے پی کا حملہ کہہ رہے ہیں، آپ نے سڑکوں، بجلی اور پانی کے نام پر دہلی کو دھوکہ دیا ہے۔"
عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ جب کجریوال دہلی کے وکاس پوری علاقے میں پد یاترا پر تھے تو ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ آتشی نے کہا کہ بی جے پی اروند کیجریوال کو ہرا نہیں سکتی اس لیے انہیں مارنا چاہتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔