اجمیر میں مسلمانوں کا ایک خاصہ طبقہ آج منا رہا عید، مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری

کلاک ٹاور کے قریب بوہرہ کمیونٹی کی طاہری مسجد میں اس برادری کے دو لوگوں نے 5:30 بجے صبح میں ہی عیدالاضحی کی نمازادا کی اور ملک میں امن وامان، خوشحالی، بھائی چارگی اور کورونا سے آزادی کے لئے دعا کی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ویسے تو پورے ہندوستان میں عیدالاضحیٰ کا تہوار 21 جولائی یعنی بدھ کے روز منایا جائے گا، اور کچھ ساحلی علاقوں مثلاً کیرالہ میں 20 جولائی کو یہ تہوار کورونا ضابطوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی سادگی سے منائے جانے کی تیاریاں ہیں، لیکن ریاست راجستھان کے اجمیر میں مسلمانوں کا ایک خاص طبقہ آج یعنی 19 جولائی کو ہی عید منا رہا ہے۔ مسلمانوں کے اس طبقہ کا نام داؤدی بہرہ ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اجمیر میں مسلم داؤدی بوہرہ برادری آج عید منا رہی ہے اور اس برادری سے تعلق رکھنے والے سبھی لوگوں نے ایک دوسرے کو فون پر مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے جو کہ دن بھر جاری رہنے والا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عالمی وبا کورونا قوانین کی پابندی کرتے ہوئے اجمیر واقع کلاک ٹاور کے قریب بوہرہ کمیونٹی کی طاہری مسجد میں اس برادری کے دو لوگوں نے 5:30 بجے صبح میں ہی عیدالاضحی کی نمازادا کی اور ملک میں امن وامان ، خوشحالی، بھائی چارگی اور کورونا سے آزادی کے لئے دعا کی۔


مسلم داؤدی بوہرہ برادری سے وابستہ امام عبد القادر نے اس موقع پر سب سے اپیل کی کہ وہ کورونا قوانین پر عمل کرتے ہوئے عید کی نماز گھروں میں ہی ادا کریں۔ حالانکہ اجمیر میں اس برادری کے بہت کم لوگ موجود ہیں، لیکن امام کی اپیل کے بعد لوگوں نے گھروں پر ہی عید کی نماز کا اہتمام کیا۔ بوہرہ برادری سے تعلق رکھنے والے کچھ لوگوں نے بتایا کہ چونکہ کورونا وبا کے سبب حالات خطرناک ہیں، اس لیے کمیونٹی کے لوگ فون کے ذریعے ہی آپس میں ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔