ممبئی ایئرپورٹ پر پرائیویٹ چارٹرڈ فلائٹ رَنوے سے پھسل کر دو ٹکڑے میں تقسیم
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اس طیارہ حادثہ میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ممبئی ایئرپورٹ پر جمعرات کے روز ایک چارٹرڈ طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا جس میں کم از کم 3 افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 14 ستمبر کو لینڈنگ کرتے وقت پرائیویٹ چارٹرڈ طیارہ رَنوے پر پھسل گیا اور دو ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا۔ اس طیارہ میں 6 مسافر اور 2 کرو ممبرس سوار تھے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اس طیارہ حادثہ میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈی جی سی اے نے اس حادثہ کے بارے میں بتایا کہ وشاکھاپٹنم سے ممبئی کے لیے پرواز بھرنے والا وی ایس آر ونچرس لیئرجیٹ 45 طیارہ وی ٹی-ڈی بی ایل ممبئی ہوائی اڈے پر رَنوے-27 پر اترتے وقت پھسل گیا۔ طیارہ میں 6 مسافر اور 2 کرو ممبرس سوار تھے۔ زوردار بارش کے سبب مرئیت 700 میٹر ہی تھی۔
اس حادثہ کے بعد کی کچھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں ممبئی ایئرپورٹ پر بارش کے درمیان رَنوے کے پاس طیارہ کے ملبہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ حادثے کے دوران طیارہ میں آگ بھی لگ گئی تھی جس پر ایمرجنسی سروسز نے جلد ہی قابو پا لیا۔ موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ کچھ دیر کے لیے ہوائی اڈے پر سبھی آپریشنز کو بند کر دیا گیا تھا، حالانکہ اب سبھی سرگرمیاں معمول پر بتائی جا رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔