بریلی میں پیش آیا دردناک حادثہ، جھونپڑی میں آگ لگنے سے 4 معصوم بہنوں کی موت، رشتہ دار ماتم کناں

پولیس کے مطابق نوادا بلسنڈی گاؤں میں رام داس کے مکان کی چھت پر پوال رکھا ہوا تھا، دوپہر کے وقت اس میں آگ لگ گئی اور جلتا ہوا پوال جھونپڑی پر گرا جس سے جھونپڑی نے آگ پکڑ لی اور یہ حادثہ پیش آیا۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>

علامتی تصویر، آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے بریلی ضلع میں جمعہ کے روز ایک انتہائی اندوہناک واقعہ پیش آیا جس میں چار بہنیں جل کر موت کی نیند سو گئیں۔ معاملہ فرید پور تھانہ حلقہ کے نوادا بلسنڈی گاؤں کا ہے جہاں ایک جھونپڑی میں آگ لگ گئی۔ اس واقعہ میں 3 معصوم بہنوں کی موت جائے حادثہ پر ہی ہو گئی اور ایک زخمی بہن کی موت علاج کے دوران ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والی چاروں بچیاں آپس میں چچازاد بہنیں تھیں۔ ایک خاتون بھی اس آگ کی زد میں آئی جس کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ اس دردناک حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس نے علاقہ میں پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوادا بلسنڈی گاؤں میں رام داس کا مکان ہے۔ اس کی چھت پر پوال رکھا ہوا تھا۔ دوپہر کے وقت اس میں اچانک آگ لگ گئی۔ جلتا ہوا پوال جھونپڑی پر آ گرا جس کی وجہ سے جھونپڑی نے آگ پکڑ لی۔


بتایا جا رہا ہے کہ کچھ بچیاں اس جھونپری کے پاس کھیل رہی تھیں۔ جب جھونپڑی میں آگ پھیلی تو اس کی زد میں معصوم بچیاں بھی آ گئیں۔ یہ بچیاں آگ کے شعلوں میں پھنس گئیں اور چیخ و پکار کا عالم پیدا ہو گیا۔ ہنگامہ سن کر بچیوں کے رشتہ دار اور قریبی لوگ ان کی طرف دوڑے اور بالٹیوں میں پانی بھر کر کسی طرح آگ بجھانے کی کوشش کی۔ لیکن تب تک چاروں چچیری بہنیں بری طرح جل چکی تھیں۔ تین بہنوں کی تو جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ایک نے اسپتال پہنچ کر دم توڑا۔

حادثہ کی جانکاری دیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ رویندر کمار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والی بچیوں کے نام پریانشی (5 سال)، مانوی (3 سال)، نینا (5 سال) اور نیتو (6 سال) ہیں۔ نیتو کی موت علاج کے دوران ہوئی۔ وہ بری طرح جھلس گئی تھی اور ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود اسے نہیں بچایا جا سکا۔ اس حادثہ کے بعد مہلوکین کے اہل خانہ ماتم کناں دکھائی دے رہے ہیں۔ واقعہ کی خبر ملنے پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اظہارِ غم کیا ہے۔ وزیر صحت برجیش پاٹھک نے بریلی میں محکمہ صحت کے افسر سے اس واقعہ پر تفصیلی جانکاری لی اور سنگین طور سے جھلسی خاتون کے بہتر علاج کی ہدایت دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔