کلکتہ ہائی کورٹ کے ایک قدم نے ممتا بنرجی کی وزیر اعلیٰ کی کرسی کو خطرے میں ڈالا

کلکتہ ہائی کورٹ نے بھوانی پور اسمبلی سیٹ پر ہونے جا رہے ضمنی انتخاب کو لے کر داخل کی گئی مفاد عامہ عرضی پر سماعت کرتے ہوئے آئینی بحران کے معاملے پر انتخابی کمیشن سے حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

وزیر اعلی ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
وزیر اعلی ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو اگر وزیر اعلیٰ کی کرسی پر برقرار رہنا ہے تو انھیں بھوانی پور اسمبلی سیٹ پر ہو رہے ضمنی انتخاب میں جیت حاصل کر اسمبلی کی رکنیت حاصل کرنی ہوگی۔ ان کی جیت بی جے پی امیدوار پرینکا ٹبریوال کے سامنے آسان معلوم دے رہی ہے، لیکن کلکتہ ہائی کورٹ نے آج ایک مفاد عامہ عرضی پر سماعت کے بعد جو قدم اٹھایا ہے اس نے ممتا بنرجی کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

دراصل بھوانی پور اسمبلی سیٹ کے لیے ہونے والے ضمنی انتخاب کو لے کر اندیشے کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے بھوانی پور اسمبلی سیٹ پر 30 ستمبر کو ہونے جا رہے ضمنی انتخاب کو لے کر داخل کی گئی مفاد عامہ عرضی پر سماعت کرتے ہوئے آئینی بحران کے معاملے پر انتخابی کمیشن سے حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ حلف نامہ 24 گھنٹے کے اندر داخل کرنے کو کہا گیا ہے۔ اب اس معاملے کی سماعت جمعہ یعنی 24 ستمبر کو ہوگی۔


واضح رہے کہ اسمبلی انتخاب میں نندی گرام کی سیٹ سے ناکام ہونے کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھوانی پور سے ضمنی انتخاب لڑ رہی ہیں۔ انھیں وزیر اعلیٰ عہدہ پر بنے رہنے کے لیے 5 نومبر سے پہلے منتخب ہونا ہوگا۔ اگر وہ منتخب نہیں ہوتی ہیں تو ان کی وزیر اعلیٰ کی کرسی چلی جائے گی۔ اس تعلق سے ممتا بنرجی نے بدھ کے روز خود عوام سے گزارش کی تھی کہ وہ ووٹ کریں، کیونکہ وہ انتخاب نہیں جیتتی ہیں تو کوئی دوسرا وزیر اعلیٰ ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔