بڈگام میں ملی ٹنٹوں کی ایک کمین گاہ تباہ، 6 اعانت کار گرفتار

پولس کا کہنا ہے کہ خبر ملنے پر بڈگام پولس نے 50 آر آر اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم کے ساتھ چاڈورہ علاقے میںملی ٹنٹ تنظیم جیش محمد کی ایک کمیں گاہ کو تباہ کر کے ان کے 6 اعانت کاروں کو گرفتار کیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں جیش محمد نامی ملی ٹنٹ تنظیم کی ایک کمین گاہ کو تباہ کرکے چھ ملی ٹنٹ اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کے علاوہ اسلحہ، نقدی رقم اور منشیات ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے میڈیا کے نام جاری ایک بیان میں کہا کہ مصدقہ اطلاع ملنے پر بڈگام پولیس نے 50 آر آر اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم کے ساتھ بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں جیش محمد نامی ملی ٹنٹ تنظیم کی ایک کمیں گاہ تباہ کرکے ملی ٹنٹوں کے چھ اعانت کاروں کو گرفتار کیا۔

گرفتار شدہ اعانت کاروں کی شناخت مدثر فیاض ساکن کرالپورہ، شبیر گنائی ساکن واتھورہ، صغیر احمد پوسوال ساکن کپوارہ، اسحاق بٹ ساکن شوپیاں اور ارشد ٹھوکر ساکن شوپیاں کے بطور ہوئی ہے جبکہ چھٹے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ بیان کے مطابق گرفتار شدہ اعانت کاروں کی تحویل سے چینی ساخت کا ایک پستول، ایک پستول میگزین، چار پستول راؤنڈس، ایک ہتھ گولہ، ایک کلو ہیروئن اور 1 لاکھ 55 ہزار روپے نقدی ضبط کی گئی۔


بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ماڈیول پاکستان نشین ملی ٹنٹوں کے ساتھ رابطے میں رہ کر کام کر رہا تھا اور کالعدم ملی ٹنٹ تنظیم جیش محمد سے وابستہ ملی ٹنٹوں کو اسلحہ اور رقم فراہم کرنے کے علاوہ منشیات کے کاروبار میں بھی ملوث تھا۔ بیان کے مطابق اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن چاڈورہ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

دریں اثنا کشمیر پولیس زون نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'بڈگام پولیس نے ملی ٹنٹوں کی ایک نارکو کمیں گاہ کو تباہ کیا، کالعدم تنظیم جیش محمد سے وابستہ چھ ملی ٹنٹ اعانت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیاہے، ان کی تحویل سے منشیات اور اسلحہ ضبط کے ساتھ اس سلسلے میں ایک کیس بھی درج کیا گیا ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔