شکایت درج نہ ہونے پر ایس پی کے گھر کے سامنے ہی ایک شخص کی خود کشی

مہلوک اپنی بیوی کے خلاف شکایت درج کرانے ایس پی کے دفتر اور رہائش گاہ گیا لیکن افسر وہاں موجود نہیں تھے، جس کے بعد اس نے زہر کھا کر خود کشی کرلی

زہر، علامتی تصویر آئی اے این ایس
زہر، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پیلی بھیت: پولیس کے ذریعے بیوی کے خلاف ہراسانی کا مقدمہ درج نہ کرنے پر سنیچر (10فروری) کو ایک شخص نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی رہائش گاہ کے باہر زہر کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ مہلوک کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اس کی بیوی نے چند روز قبل اس کے خلاف گھریلو تشدد کی شکایت درج کروائی تھی، لیکن پولیس نے اس کی بیوی کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے خلاف اس کی شکایت درج نہیں کی۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ پردیپ اور ایشا کی دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور وہ مبینہ طور پر اس سے 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ سنیچر کو پردیپ اپنی بیوی کے خلاف شکایت درج کرانے ایس پی کے دفتر اور رہائش گاہ گیا لیکن افسر وہاں موجود نہیں تھے۔ اسی لیے پردیپ نے زہر کھا لیا۔


سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) اتل شرما نے کہا کہ ’’سون گڑھی تھانہ علاقے کے رہنے والے پردیپ نے زہر کھا لیا۔ اسٹاف کے ذریعے اسے اسپتال لے جایا گیا۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔‘‘ بعد میں سرکل آفیسر (سی او) دیپک چترویدی نے بتایا کہ ’’پردیپ کی موت بریلی ضلع کے ایک اسپتال میں لے جانے کے دوران ہوئی۔ لاش کا پوسٹ مارٹم وہیں کیا جائے گا۔ اس شخص کے اہل خانہ کی جانب سے شکایت درج کرانے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔