ہنومان جی کے نام لکھے خط نے سلجھایا صاحب آباد میں خاتون کے قتل کا معمہ

دہلی کے ایک سی اے کے دفتر میں کام کرنے والے سنتوش کی اسی سال فروری میں سنتوشی سے شادی ہوئی تھی، شادی کے بعد سنتوش اور اس کی منھ بولی موسی دونوں ہی اسے پریشان کرنے لگے۔

قتل، علامتی تصویر آئی اے این ایس
قتل، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

غازی آباد واقع ڈی ایل ایف دلشاد ایکسٹینشن صاحب آباد میں رہنے والی ایک خاتون کا قتل گزشتہ 5 مئی کو ہوا تھا۔ گھر کے حالات کو دیکھ کر پتہ چل رہا تھا کہ کسی نے لوٹ پاٹ کی اور مزاحمت کرنے پر خاتون کا قتل کر دیا گیا۔ صاحب آباد پولیس کو گھر والوں نے لوٹ کی خبر ہی دی تھی، لیکن جانچ کے دوران پولیس کو کچھ ایسا ہاتھ لگا جس نے کیس کو غلط سمت میں جانے سے روک دیا۔ پولیس کو مہلوک خاتون شانتی کی ڈائری ملی جس میں ہنومان جی کے نام انھوں نے کچھ ایسے خط لکھ رکھے تھے جس نے کئی باتوں سے پردہ اٹھایا اور قتل کا معمہ حل ہو گیا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس قتل معاملے میں پولیس نے شانتی کے شوہر سنتوش اور منھ بولی موسی شانتی کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایس پی سٹی سیکنڈ گیانیندر سنگھ نے بتایا کہ سنتوشی کا قتل اس کے شوہر سنتوش کی منھ بولی موسی شانتی نے کیا تھا۔ سنتوشی کی ڈائری میں اسے پریشان کرنے اور شوہر سنتوش کے ساتھ موسی کے ناجائز تعلقات ہونے کا تذکرہ کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جہیز کے لیے پریشان کیے جانے کی بات بھی ڈائری میں موجود ہے۔ پولیس نے دونوں ملزمین کے قبضے سے 49 ہزار روپے اور 2 لاکھ روپے سے زائد کے زیورات سمیت دیگر کچھ سامان بھی برآمد کیا ہے۔ خاتون کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گلا دبانے کے ساتھ ساتھ جسم میں زہر کی بات بھی سامنے آئی تھی۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق دہلی کے ایک سی اے کے دفتر میں کام کرنے والے سنتوش کی اسی سال فروری میں سنتوشی سے شادی ہوئی تھی۔ شادی کے بعد سنتوش اور اس کی منھ بولی موسی دونوں ہی اسے پریشان کرنے لگے۔ پوچھ تاچھ کے دوران شانتی نے بتایا کہ 5 مئی کی صبح سنتوش کے گھر سے جانے کے بعد دونوں کا جھگڑا ہوا تھا۔ ناراض ہو کر سنتوشی نے کوئی زہریلی شئے پی لی جس سے وہ بیہوش ہو گئی۔ اس کے بعد شانتی اسے کھینچ کر باتھ روم لے کر گئی اور اس پر پانی ڈالا۔ اس دوران جسم ٹھنڈا پڑنے پر اس نے اسے لوٹ کا رنگ دینے کا منصوبہ بنایا۔ اس کے بعد پہلے تو اس نے گھر کے اندر آ رہی سنتوش کی ماں کو دھکا دے کر باہر کیا، پھر اس نے ایئر فون کی تار سے سنتوشی کا گلا دبا دیا اور قتل و لوٹ پاٹ دکھانے کے لیے الماری کا لاک توڑا اور وہاں سے زیورات کے ساتھ ساتھ نقد لے کر دہلی پہنچ گئی۔ بوقت شام جب سنتوش دفتر سے گھر لوٹا تو شانتی بھی گھر واپس آ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سنتوشی کی جو ڈائری پولیس کو ملی ہے، اس میں لکھا ہوا ہے کہ اس کے ساتھ یہ سب شادی کے 10 دن بعد ہی شروع کر دیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ مار پیٹ ہوتی تھی۔ اس کے علاوہ سنتوشی نے شوہر اور موسی کے ناجائز رشتوں کی وجہ سے اسے پریشان کرنے کی بات بھی لکھی ہے۔ اس نے ڈائری میں اس کے ساتھ ہر دن ہونے والے مظالم کے بارے میں لکھا ہے۔ حالانکہ اس میں تاریخ نہیں ڈالی گئی ہے۔ قتل سے کچھ دن پہلے ہی سنتوشی نے بھگوان ہنومان سے دعائیہ لہجہ میں حالات سے لڑنے کے لیے پانچ صفحات پر مبنی خط لکھا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔