مہاراشٹر: اندوہناک سڑک حادثہ میں 15 افراد کی موت، وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس

مہاراشٹر کے جلگاؤں ضلع میں دردناک حادثہ سامنے آیا ہے۔ پیر کے روز پپیتے سے لدا ایک ٹرک پلٹ گیا جس میں کم از کم 15 مزدوروں کی موت ہوگئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے جلگاؤں ضلع واقع کنگاؤں کے پاس پیر کے روز پپیتے سے لدا ایک ٹرک پلٹ گیا جس میں کم از کم 15 مزدوروں کی موت ہو گئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ یاول پولس اسٹیشن کے جانچ افسر انسپکٹر سدھیر پاٹل نے اس اندوہناک حادثہ کے تعلق سے بتایا کہ رات تقریباً ایک بجے کے آس پاس یہ واقعہ پیش آیا جب ڈرائیور نے ٹرک سے اپنا کنٹرول کھو دیا۔ ٹرک ایک مندر کے پاس جا کر پلٹ گیا۔

پاٹل نے جائے حادثہ سے بتایا کہ مہلوکین میں راویر اور آس پاس کے علاقوں سے آئے مزدور شامل ہیں۔ دو زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہلوکین میں 7 مرد، 6 خواتین اور دو نابالغ شامل ہیں اور ان کی شناخت کی جا رہی ہے۔


حادثہ کے چشم دیدوں نے کہا کہ حادثہ کا اثر ایسا تھا کہ کچھ مزدور بھاری گاڑی کے نیچے آ کر کچلے گئے۔ ان کی لاش بھی پوری طرح سے جل گئی۔ علی الصبح پولس نے پلٹے ہوئے ٹرک کے نیچے پھنسی لاشوں کو نکالنے کے لیے کرین کا استعمال کیا۔ حالانکہ حادثہ کی اصل وجہ کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، لیکن مقامی لوگوں نے کہا کہ دھولے-جلگاؤں راستہ پر یاول اور اس کے آس پاس کی سڑکیں گڈھوں سے بھری پڑی ہیں جس سے اس راستے پر ڈرائیونگ کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاراشٹرا کے ضلع جلگاؤں میں پیش آئے اس اندوہناک سڑک حادثہ میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا گیا کہ ’’مہاراشٹر کے جلگاؤں میں ایک دلخراش ٹرک حادثہ پیش آیا ۔ سوگوار کنبوں سے میری تعزیت ۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے ایشور سے دعا ۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔