سوشانت سنگھ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جانچ کرنے 4 ڈاکٹروں کی فورنسک ٹیم ممبئی پہنچی

ایمس فورنسک محکمہ کے سربراہ سدھیر گپتا کی قیادت والی ٹیم آئندہ 2 دنوں میں رپورٹ سونپ سکتی ہے۔ اس رپورٹ کو کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے ظاہر ہوگا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کتنی درست تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی موت معاملہ پر سی بی آئی جانچ شروع ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایمس کے 4 ڈاکٹروں کی فورنسک ٹیم ممبئی پہنچی ہے جو سوشانت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی جانچ کرنے والی ہے۔ دراصل سوشانت کی موت معاملہ میں اب سب سے زیادہ سوال پوسٹ مارٹم رپورٹ کو لے کر ہی اٹھ رہے ہیں۔ اسی لیے دہلی ایمس کے ڈاکٹروں کی ٹیم سوشانت کی اٹاپسی کی جانچ کرنے ممبئی پہنچ چکی ہے۔ ایمس فورنسک محکمہ کے سربراہ سدھیر گپتا کی قیادت والی یہ ٹیم آئندہ دو دنوں میں اپنی رپورٹ سونپ سکتی ہے۔ اس رپورٹ کو کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے ظاہر ہو جائے گا کہ سوشانت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کتنی درست تھی۔

اس درمیان سوشانت کے والد کے وکیل کا دعویٰ ہے کہ سوشانت کے گلے پر ملے نشان ہینگنگ کے کم نظر آتے ہیں، بلکہ ایسا لگتا ہے جیسے گلا گھونٹ کر مارنے پر جو نشان بنتا ہے، یہ کچھ ویسا ہی ہے۔ وکیل نے یہ بھی کہا ہے کہ سوشانت کی ایک آنکھ دوسری کے مقابلے زیادہ کھلی ہوئی تھی اور ان سب باتوں کا ذکر پوسٹ مارٹم رپورٹ میں نہیں کیا گیا ہے۔ ایمس فورنسک ٹیم ان باتوں کو لے کر بھی تفتیش کر سکتی ہے۔


واضح رہے کہ سوشانت کا پوسٹ مارٹم نصف رات کو ممبئی واقع کپور اسپتال میں ہوا تھا۔ اب پتہ چلا ہے کہ کپور اسپتال نے ممبئی پولس کو ایک سپلیمنٹری پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی دی تھی، جس میں سوشانت کی موت کا ممکنہ وقت بتا دیا گیا تھا۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سوشانت کی موت پوسٹ مارٹم سے 12 سے 15 گھنٹے پہلے ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔