کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا ملٹی پلیکس اگلے ماہ کھلنے کا امکان
سری نگر کے ہائی سیکورٹی زون علاقے سونہ وار میں تیار ہونے والے اس ملٹی پلیکس میں 520 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
سری نگر: وادی کشمیر میں زائد از تین دہائیوں کے طویل عرصے کے بعد لوگ بڑی اسکرین پر فلمیں دیکھ سکیں گے کیونکہ سری نگر میں اپنی نوعیت کا پہلا ملٹی پلیکس سنیما تیار ہو رہا ہے۔ دھر خاندان اور آئی این او ایکس کی مشترکہ کاشوں سے تیار ہونے والا یہ ملٹی پلیکس سنیما ہال اگلے مہینے یعنی ماہ ستمبر میں لوگوں کے لئے کھولے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : زندہ لاشوں کو آزادی کی کیا ضرورت؟... پرشوتم اگروال
وادی میں نوے کی دہائی میں سنیما گھر بند ہونے کے بعد لوگوں کے لئے تفریحی وسائل محدود ہوگئے تھے اور لوگ ڈش ٹی وی اور کیبل سے ہی فلمیں دیکھ رہے تھے۔ سری نگر کے ہائی سیکورٹی زون علاقے سونہ وار میں تیار ہونے والے اس ملٹی پلیکس میں 520 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس ملٹی پلیکس میں فلمیں دیکھنے کے علاوہ کئی فوڈ کورٹس ہیں اور بچوں کے لئے بھی مختلف قسموں کا تفریحی سامان دستیاب ہے۔
ملٹی پلیکس کے مالک وکاس دھر کا کہنا ہے کہ ملٹی پلیکس میں مختلف گنجائش والے تین آڈیٹوریم ہوں گے جن میں لوگوں کے لئے تمام تر سہولیات کا بندو بست ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی پلیکس میں دو برس کے بچوں کے لئے بھی تفریحی سامان دستیاب ہے اور اس کے علاوہ ملٹی پلیکس میں کئی فوڈ کورٹس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’امید ہے کہ یہ ایک ایسی جگہ ہوگی جہاں لوگ صبح سے شام تک اپنا وقت گزار سکیں گے‘۔
موصوف مالک ملٹی پلیکس نے کہا کہ ہم نے اس پروجیکٹ کو صدق دل سے شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہمارا خیال ہے کہ یہ ایک بہترین پروجیکٹ ہے تاہم یہ کتنا بہتر ہے یہ وقت ہی طے کرے گا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ملٹی پلیکس میں بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی تازہ ترین فلموں کو دکھایا جائے گا۔ وکاس دھر نے کہا کہ کشمیر اور بالی ووڈ فلموں کا کافی گہرا اور پرانا تعلق رہا ہے۔
وکاس دھر نے کہا کہ یہ تعلق اب کچھ مدت سے ٹوٹ گیا تھا جس کو دوبارہ بحال کرنے کا وقت آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو یہاں ایک بار اپنی فیملی کے ساتھ فلم دیکھنے کے لئے آئے گا وہ پھر یہاں بار بار آئے گا۔ ملٹی پلیکس کے منیجر ویشاک کا کہنا ہے کہ آئی این ایکس جو ملک کی سب سے بڑی تفریحی کمپنی ہے، کے تمام سسٹمز کو یہاں استعمال کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جمہوریت اور اکثریت پسندی میں فرق!... ندیم حسنین
انہوں نے کہا کہ ملٹی پلیکس میں تمام تر جدید سہولیات دستیاب ہوں گی اور اس کے علاوہ ملٹی پلیکس کی چھت پیپر ماشی اور ختم بند سے آراستہ کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں موجود فوڈ کورٹس میں مقامی کھانوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ وادی میں نوے کی دہائی میں تمام سنیما گھر بند ہوئے تھے جس کے بعد کچھ سنیما گھروں میں سیکورٹی فورسز قیام پذیر ہیں جبکہ بعض مقفل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔