منی پور میں خاص طبقہ کے 4 مکانات نذرِ آتش، شرارتی عناصر کی سازش کا اندیشہ
ایک افسر نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، موقع پر فائر بریگیڈ کی کم از کم 3 گاڑیاں آگ لگنے کی خبر ملنے کے بعد پہنچی تھیں، فی الحال یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ آگ کس طرح لگی۔
منی پور میں گزشتہ سال مئی میں جو تشدد شروع ہوا تھا، وہ اب تک کسی نہ کسی صورت میں جاری ہے۔ حالات پر قابو پانے کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائی جانے والی ہر کوشش ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ تازہ خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ نیو لمبولین میں 4 مکانات کو مبینہ طور پر نذرِ آتش کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ چاروں مکانات ایک خاص طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور تشدد والے ماحول میں چاروں گھر کے افراد کسی دوسری جگہ چلے گئے تھے۔ یعنی جن گھروں میں آگ لگی یا لگائی گئی ہے وہ خالی پڑے ہوئےتھے۔
ایک افسر کا اس واقعہ کے تعلق سے بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ اس آگ کی خبر ملنے پر فائر بریگیڈ کی کم از کم تین گاڑیاں موقع پر پہنچی تھیں۔ حالانکہ مصدقہ طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آگ خود لگی تھی یا کسی نے لگائی تھی۔ افسر کے مطابق آگ لگنے کے اسباب کا پتہ لگانے کے لیے جانچ کی جائے گی۔ انھوں نے اس بات کی تصدیق ضرور کی ہے کہ چاروں گھر ایک خاص طبقہ کے ہیں۔ گزشتہ سال 3 مئی کو پیدا ہوئے تشدد کے بعد سے ہی یہ خالی پڑے تھے۔ اس آتشزدگی واقعہ میں ملکیت کو نقصان تو پہنچا ہے، لیکن فی الحال کسی طرح کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔
اس درمیان مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ واقعہ علاقہ میں ماحول خراب کرنے کے مقصد سے انجام دیا گیا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ شرارتی عناصر نے قصداً ان خالی گھروں میں آگ لگائی ہے اور یہ ایک سازش کا نتیجہ ہے۔ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ علاقے میں امن و امان قائم رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔