دسمبر 2022 میں تقریباً 37 لاکھ ہندوستانی واٹس ایپ اکاؤنٹس پر لگائی گئی پابندی، کمپنی کی تازہ رپورٹ میں انکشاف
میٹا کی ملکیت والے پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اپنی انڈیا کی ماہانہ رپورٹ میں دسمبر 2022 کے اعداد و شمار کا انکشاف کیا ہے۔
واٹس ایپ کے ذریعہ ہندوستانی اکاؤنٹس پر گزشتہ کچھ ماہ میں بڑی تعداد میں پابندی لگائی گئی ہے اور کمپنی کی تازہ رپورٹ میں دی گئی تعداد نے ایک بار پھر لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ اردو نیوز پورٹل ’نیوز 18‘ پر شائع ایک خبر کے مطابق واٹس ایپ کی تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ سال یعنی 2022 کے دسمبر ماہ میں ہندوستان میں 36.77 لاکھ واٹس ایپ اکاؤنٹس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ حالانکہ یہ تعداد اس کے پچھلے مہینے، یعنی نومبر میں کارروائی کا سامنا کرنے والے (37.16 لاکھ) اکاؤنٹس کے مقابلے میں کچھ کم ہے۔
واٹس ایپ ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر میں اسے صارفین کی جانب سے 1,607 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جو کہ گزشتہ ماہ کی گئی 946 شکایات سے 70 فیصد زیادہ ہیں۔ اس نے مزید کہا کہ ان 1,607 شکایات میں سے 1,459 (91 فیصد) نے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کی کوشش کی۔ دوسری جانب نومبر 2022 میں فعال طور پر پابندی عائد کیے گئے اکاؤنٹس کی تعداد 90,000 رہی۔
میٹا کی ملکیت والے پلیٹ فارم نے اپنی انڈیا کی ماہانہ رپورٹ میں دسمبر 2022 کے اعداد و شمار کا انکشاف کیا ہے۔ ملک کے انفارمیشن ٹیکنالوجی رولز 2021 کے تحت یہاں کام کرنے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ماہانہ تعمیل رپورٹ شائع کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس میں موصول ہونے والی شکایات کی تفصیلات اور ان پر کی گئی کارروائی کا ذکر کیا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ واٹس ایپ کے دنیا بھر میں 2 بلین سے زیادہ صارفین ہیں۔ ہندوستان اس کے سب سے بڑے صارفین میں سے ایک ہے۔ فروری 2021 میں حکومت ہند نے کہا کہ واٹس ایپ کا استعمال 53 کروڑ سے زیادہ ہندوستانی کرتے ہیں، جس سے یہ ملک میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سوشل میڈیا سروس ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔