ہریانہ کے 25 تھانوں میں 29 ہزار لیٹر شراب ’چوہے پی گئے!‘
فرید آباد کے کل 30 میں سے 25 تھانوں سے 29 ہزار لیٹر شراب غائب ہونے سے ہنگامہ کھڑا ہو گیا ہے، افسران اس معاملہ میں لب کشائی کرنے سے گریز کر رہے ہیں
فرید آباد: ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد کے تھانوں سے 29 ہزار لیٹر شراب غائب ہے۔ ایک دو نہیں بکہ شہر کے کل 30 میں سے 25 تھانوں سے 29 ہزار لیٹر شراب غائب ہونے سے ہڑکمپ مچ گیا ہے۔ اس معاملے میں افسران لب کشائی کرنے سے گریز کر رہے ہیں، جبکہ سوال یہ بھی پیدا ہو رہا ہے کہ اتنی بڑی مقدار میں شراب آخر کس طرح غائب ہو گئی؟
یہ بھی پڑھیں : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ
غائب ہونے والی شراب فرید آباد کے پولیس تھانوں کے مال خانوں میں رکھی ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ فرید آباد پولیس کی جانب سے ضبط کی گئی تقریباً 50000 لیٹر دیسی اور کچی شراب، تقریباً 30000 لیٹر انگریزی شراب اور تقریباً 3000 کین بیئر ضبط کی گئی تھی، اس سلسلہ میں تقریباً 825 مقدمات بھی درج ہوئے تھے۔ جبکہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، ضبط شراب کو متعلقہ تھانوں کے مال خانہ میں رکھا جاتا ہے۔
معاملہ کا تصفیہ ہونے کے بعد وقتاً فوقتاً ضبط کی گئی شراب کو ختم کرنے کی کارروائی کی جاتی ہے۔ اس سال فرید آباد کے تقریباً 25 تھانوں سے تقریباً 20000 لیٹر دیسی شراب اور 9000 لیٹر انگریزی شراب غائب ہو گئی۔ اس معلومات کا انکشاف خود پولیس کے اعداد و شمار سے ہوا ہے۔ ایسے حالات میں یہ سوال اٹھنا لازمی ہے کہ آخر اتنی مقدار میں شراب کہاں غائب ہو گئی۔
جب شہر کے محفوظ ترین مقامات یعنی تھانوں سے شراب کے غائب ہونے کا سوال متعلقہ پولیس افسران سے پوچھا گیا تو ان کے پاس وہی پرانا جواب تھا جو ملک کے مختلف اضلاع کے مختلف تھانوں کی پولیس اس طرح سے شراب کے غائب ہونے کے بعد اپنے دفاع میں دیتی ہے، ’کہ شراب چوہے پی گئے!‘
خیال رہے کہ دیسی شراب کی بوتلیں زیادہ تر پلاسٹک کی ہوتی ہیں اور برآمد ہونے والی کچی شراب بھی عموماً پلاسٹک کے بڑے ڈرموں میں ہی رکھی جاتی ہے، جنہیں چوہے کاٹ سکتے ہیں لیکن اس معاملہ میں 9 ہزار لیٹر انگریزی شراب بھی غائب ہے، جو شیشہ کی بوتلوں میں رکھی جاتی ہے!
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔