سول سروسز امتحان میں 31 مسلم امیدوار کامیاب، صدف چودھری کا 23واں دینہ دستگیر کا 63 واں مقام

سول سروسز امتحان میں پاس ہونے والے 761 امیدواروں میں سے 31 امیدوار مسلمان ہیں، صدف چودھری مسلم امیدواروں میں سرفہرست رہیں، جبکہ دینہ دستگیر نے 63 واں مقام حاصل کیا

صدف چودھری (دائیں)، دینہ دستگیر
صدف چودھری (دائیں)، دینہ دستگیر
user

آس محمد کیف

نئی دہلی: ملک کے سب سے اہم قرار دیئے جانے والے یو پی ایس سی کے سول سروسز امتحان کے نتائج جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اس مرتبہ مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والے کل 31 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل یہ تعداد 27 بتائی جا رہی تھی لیکن حتمی فہرست کا جائزہ لینے پر اس میں 4 امیدواروں کا اضافہ ہو گیا۔ کامیاب ہونے والے مسلم امیدواروں میں 8 خواتین شامل ہیں۔

امروہہ سے تعلق رکھنے والی صدف چودھری نے کمال کرتے ہوئے 23 واں مقام حاصل کیا ہے۔ صدف کے والد بینک منیجر ہیں اور وہ کچھ مہینے پہلے اتراکھنڈ کے روڑکی میں آباد ہو گئے ہیں۔ صدف کی کامیابی اس لیے بھی مثال بن گئی ہے کہ انہوں نے اس امتحان کے لئے کوئی کوچنگ نہیں لی اور گھر میں رہتے ہوئے ہی تمام تیاری کی۔ صدف اب انڈین فارن سروسز (آئی ایف ایس) میں شامل ہونا چاہتی ہیں۔

وہیں، کیرالہ کے ترواننت پورم سے تعلق رکھنے والی دینہ دستگیر نے 63 واں مقام حاصل کیا ہے۔ کامیاب مسلم امیدواروں میں دینہ کا دوسرا مقام ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دینہ نے اپنی ابتدائی اور ثانوی تعلیم سعودی عرب کے انڈین انٹرنیشنل اسکول، دمام سے حاصل کی ہے۔ ان کے والد سعودی عرب میں انگریزی کے استاد ہیں۔ دینہ نے ترواننت پورم سے الیکٹرانکس اینڈ کمیونی کیشن سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ انہوں نے سول سروسز امتحان کے لئے کسی طرح کی کوچنگ حاصل نہیں کی اور اپنے دم پر تیاری کر کے امتحان میں کامیابی حاصل کر لی۔

اپنی کامیابی پر دینہ کا کہنا ہے، ’’اپنا نام کامیاب افراد کی فہرست میں دیکھنے کے لئے مجھے 4 سالوں کی طویل تیاری کا سفر طے کرنا پڑا، جو کہ خوشی، دباؤ، تنہائی، خود پر شکوک و شبہات اور فخر سے پُر رہا ہے۔ اور اب میں اپنے سفر کے اگلے مرحلہ کے لئے پُر جوش ہوں کیونکہ میں انڈین سول سروسز کا حصہ بننے جا رہی ہوں۔‘‘


اس سال سول سروسز امتحان پاس کرنے والے مسلم امیدواروں کی تعداد میں کمی آئی ہے، کیونکہ 2019 میں 44 مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی اور اس مرتبہ یہ تعداد کم ہو کر 31 رہ گئی ہے۔

اس مرتبہ سول سروسز امتحان میں مجموعی طور پر 761 امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے، جن میں 545 مرد اور 216 خواتین شامل ہیں۔ شبھم کمار نے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ جبکہ جاگرتی اوستھی اور انکیتا جین بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر رہیں۔

یو پی ایس سی امتحان 2020 میں کامیاب مسلم امیدوار

  1. صدف چودھری، 23 واں مقام

  2. دینہ دستگیر، 63 واں مقام

  3. فیضان احمد، 58 واں مقام

  4. محمد منظر حسین انجم، 125 واں مقام

  5. شاہد احمد، 129 واں مقام

  6. شہنشاہ کے ایس، 142 واں مقام

  7. محمد عاقب، 203 واں مقام

  8. شہناز، 217 واں مقام

  9. وسیم احمد بٹ، 225 واں مقام

  10. بشریٰ بانو، 234 واں مقام

  11. ریشما اے ایل، 256 واں مقام

  12. محمد حارث سمیر، 270 واں مقام

  13. التمش غازی، 282 واں مقام

  14. احمد حسن الزماں چودھری، 283 واں مقام

  15. سارہ اشرف، 316 واں مقام

  16. محب اللہ انصاری، 389 واں مقام

  17. انیس ایس، 403 واں مقام

  18. زیبا خان، 423 واں مقام

  19. فیصل رضا، 447 واں مقام

  20. محمد یعقوب، 450 واں مقام

  21. ریحان کھتری، 478 واں مقام

  22. محمد جاوید، 493 واں مقام

  23. الطاف محمد شیخ، 545 واں مقام

  24. خان عاصم کفایت خان، 558 واں مقام

  25. سید زاہد علی، 569 واں مقام

  26. شاکر احمد، 583 واں مقام

  27. محمد رسون، 589 واں مقام

  28. محمد شاہد، 597 واں مقام

  29. اقبال رسول ڈار، 611 واں مقام

  30. عامر بشیر، 625 واں مقام

  31. ماجد اقبال خان، 738 واں مقام

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Sep 2021, 11:11 AM