سول سروسز امتحان 2020 کے حتمی نتائج کا اعلان، بہار کے شبھم کمار کو اول مقام حاصل
سول سروسز امتحان 2020 میں بہار سے تعلق رکھنے والے شبھم کمار نے اول مقام حاصل کیا ہے۔ وہ آئی آئی ٹی بامبے سے سول انجینیئرنگ میں گریجویٹ ہیں جبکہ دوسرا مقام جاگرتی اوستھی نے حاصل کیا ہے
نئی دہلی: یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کی جانب سے جنوری 2021 میں منعقدہ سول سروسز امتحان 2020 کے تحریری حصے اور اگست-ستمبر 2021 میں منعقد پرسنالٹی ٹیسٹ (شخصیت) کے لیے انٹرویو کے نتائج کی بنیاد پر انڈین سول سروسز، انڈین فارن سروسز، انڈین پولیس سروسز اور سینٹرل سروسز میں تقرری کے لیے جمعہ کے روز حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
سول سروسز امتحان 2020 میں بہار سے تعلق رکھنے والے شبھم کمار نے اول مقام حاصل کیا ہے۔ وہ آئی آئی ٹی بامبے سے سول انجینیئرنگ میں گریجویٹ ہیں جبکہ دوسرا مقام جاگرتی اوستھی نے حاصل کیا ہے، جبکہ تیسرا مقام انکیتا جین کو حاصل ہوا ہے۔
اس مرتبہ 545 مرد اور 216 خواتین سمیت کل 761 امیدواروں نے سول سروسز امتحان پاس کیا ہے اور کل ملا کر 761 امیدواروں کی تقرری کے لیے سفارش کی گئی ہے۔ سول سروسز امتحان 2020 کے نتائج دہلی ہائی کورٹ میں زیر التواء رٹ عرضی (سی) نمبر 5153/2020 اور 7351/2020 کے نتیجے کے تحت ہوں گے۔
کمیشن کی جانب سے جاری آج حتمی نتائج کے مطابق سرفہرست 25 امیدواروں میں 13 مرد اور 12 خواتین ہیں۔ اس میں545 مردوں اور 216 خواتین سمیت کل 761 امیدواروں نے امتحان پاس کیا ہے اورمجموعی طور پر 761 امیدواروں کی تقرری کے لیے سفارش کی گئی ہے۔
منتخب امیدواروں میں 263 جنرل کٹیگری، 86 اقتصادی طور پر پچھڑے(ای ڈبلیو ایس)، 229 دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) 112 ایس سی اور 61 ایس ٹی سے ہیں۔
بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارنے یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کی سول سروسز امتحان 2020 میں فرسٹ رینک حاصل کرنے پر بہار کے ضلع کٹیہار کے باشندے شبھم کمار کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
کمار نے جمعہ کو مبارکباد ددیتے ہوئے کہا کہ شبھم کمار نے یو پی ایس سی کے امتحان میں اولیں مقام حاصل کرکے نہ صرف بہار کا وقار بڑھایا ہے بلکہ پورے ملک کو بھی فخر سے بھر دیا ہے۔ اس سے بہار کے نوجوان کو مزید آگے بڑھنے کی ترغیب ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار کے ڈیولپمنٹ کمشنر عامر سبحانی نے بھی سنہ 1987 میں یو پی ایس سی ٹاپ کیا تھا، جو سیوان کے باشندے ہیں۔
یو پی ایس سی کے احاطے میں امتحان ہال کے قریب ایک ’سہولت کاؤنٹر‘ واقع ہے۔ امیدوار اپنا امتحان/تقرری سے متعلق کسی بھی طرح کی معلومات/وضاحت، ذاتی طور پر یا ٹیلی فون نمبر 23385271/23381125/23098543 پر کام کے دنوں میں علیٰ الصباح 10:00 سے شام 5:00 بجے کے درمیان حاصل کر سکتے ہیں۔ نتیجہ یو پی ایس سی کی ویب سائٹ یعنی ایچ ٹی ٹی پی/ ڈبلیو ڈبلیو ڈبلیو ڈاٹ یو پی ایس سی ڈاٹ جی او وی ڈاٹ آئی این پر بھی مہیا ہوگا۔ نتائج کے اعلان ہونے کی تاریخ سے 15 دن کے اندر نمبر ویب سائٹ پر مہیا ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔