تلنگانہ میں 70 دنوں کے اندر 25 ہزار افراد کو نوکری دی گئی، وزیر اعلیٰ تلنگانہ
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے جمعرات کے روز کہا کہ ریاست میں کانگریس کی قیادت والی حکومت بننے کے 70 دنوں کے اندر 25 ہزار افراد کو ملازمت فراہم کی گئی ہے
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے جمعرات کے روز کہا کہ ریاست میں کانگریس کی قیادت والی حکومت بننے کے 70 دنوں کے اندر 25 ہزار افراد کو ملازمت فراہم کی گئی ہے۔ ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گروکولم میں اساتذہ کو تقرری نامے سونپنے کے بعد انہوں نے یہ بیان دیا۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیڈیم ایل بی میں لگاتار دوسرے دن تقرری نامہ فراہم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ وزیر اعلیٰ اور وزرا نے بدھ کو 13 ہزار سے زیادہ نو تقرر شدہ پولیس سپاہیوں کو تقرری نامہ سونپا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے اس سے قبل نرسنگ افسران اور سنگرینی ملازمین کو تقرری نامے سونپے تھے۔
ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ سابقہ بی آر ایس حکومت نے سرکاری محکموں میں بھرتی کو پوری طرح سے نظرانداز کیا تھا۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ ریاست میں بی آر ایس کی نوکری چھوٹنے کے بعد لوگوں کو تلنگانہ میں نوکریاں حاصل ہونا شروع ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 لاکھ بے روز نوجوانوں سے کئے گئے وعدے کے مطابق کانگریس حکومت نے بھرتی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ یو پی ایس سی کی طرز پر تلنگانہ اسٹیٹ سروس کمیشن کے ذریعے شفاف طریقہ سے بھرتی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گروپ امتحان جلد منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے پوچھا، ’’بی آر ایس نے 3650 دنوں تک اقتدار میں رہنے کے باوجود نوکریاں کیوں نہیں دیں۔ بی آر ایس کی حکمرانی میں ٹانڈاس اور دور افتادہ گاووں میں 6450 سنگل ٹیچر اسکولوں کو بند کر دیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت جلد ہی ’میگا ڈی ایس سی’ کے ذریعے اساتذہ کی بھرتی کرے گی اور تمام غریبوں کی دہلیز پر تعلیم کی سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گروکولم کے تمام اسکولوں کو ایک چھتری کے نیچے لایا جائے گا۔ ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتوں کے لیے گروکولم اسکول ہر اسمبلی حلقہ میں 20 ایکڑ اراضی پر کیمپس میں قائم کیے جائیں گے۔
حکومت اسے کوڑنگل میں ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر لے گی اور تمام اسمبلی حلقوں میں اسی ماڈل کو نافذ کرے گی۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام حلقوں میں گروکولم کے قیام کے لیے موزوں مقامات کی نشاندہی کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔